کوہاٹ:جرما میں پولیوٹیم پرفائرنگ، پولیس کانسٹیبل جاں بحق

خواصی بانڈہ روڈ پر پولیو ٹیم کی سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور تھا

کوہاٹ کے علاقہ جرما میں پولیو ٹیم پر فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل جاں بحق ہوگیا۔ نامعلوم حملہ آور واردات کے بعد فرار ہو گئے۔

منگل کو پولیس تھانہ جرما کے مطابق کانسٹیبل حامد خواصی بانڈہ روڈ پر پولیو ٹیم کی سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور تھا کہ جب نامعلوم مسلح حملہ آوروں نے اندھا دھند فائرنگ کردی۔

واقعے میں پولیس کانسٹیبل موقع پرجاں بحق ہوگیا۔ شہید اہلکار کی میت کے ڈی اے اسپتال منتقل کردی گئی جب کہ پولیس کی بھاری نفری نےسرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

پولیس نےعلاقے کے داخلی اور خارجی راستے سیل کرکےملزمان کی گرفتاری کے لیے آپریشن شروع کردیا ہے۔

شہید پولیس کانسٹیبل حامد کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کردی گئی جس میں پولیس، فوج اور سول افسران سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

 ڈی آئی جی طاہر ایوب اور ڈی پی او محمد سلیمان نےجائے وقوعہ کا دورہ کیا اور پولیو ٹیم کی سیکورٹی سخت کرنے کی ہدایت کی۔

محمد سلیمان نے سماء کو بتایا کہ اس واقعے کےباوجود پولیومہم بدستورجاری رہے گی، واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اوربہت جلد تفصیلات شئیر کی جائیں گی۔

Tabool ads will show in this div