بھارت کا یوم جمہوریہ، کشمیری آج یوم سیاہ منارہے ہیں

مقبوضہ کشمیر میں کل مکمل ہڑتال ہوگی
Jan 26, 2022
[caption id="attachment_1841362" align="alignnone" width="800"]Ki Kashmir Curfew 191 Days Pkg 11-02 Ar فائل فوٹو[/caption]

بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر مقبوضہ کشمیر اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج 26 جنوری کو یوم سیاہ منا رہے ہیں۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یوم سیاہ منانے کا مقصد بھارت کی طرف سے کشمیریوں کے حق خود ارادیت سے مسلسل انکار کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرانا ہے۔

یوم سیاہ منانے کی اپیل کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظربند چیئرمین مسرت عالم بٹ نے دی ہے جبکہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے دیگر تمام رہنماؤں نے اس کی حمایت کی ہے۔

اس موقع پر مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال جبکہ آزاد کشمیر، پاکستان اور مختلف ممالک کے دارلحکومتوں میں بھارت مخالف مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی تاکہ عالمی برادری کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ بھارت کو مقبوضہ علاقے میں اپنا یوم جمہوریہ منانے کا کوئی حق حاصل نہیں کیونکہ اس نے کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں۔

پوسٹروں کے ذریعے کشمیری عوام سے بھارتی یوم جمہوریہ کی سرکاری تقاریب کا بائیکاٹ کرنے اور اپنے گھروں، دکانوں اور دیگر عمارتوں پر سیاہ جھنڈے لہرانے کی اپیل کی گئی ہے۔

اس حوالے سے مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں گزشتہ ایک ہفتے سے مسلسل پوسٹر آویزاں کیے جا رہے ہیں۔