کرپٹو کرنسیاں کیوں گر رہی ہیں؟

ڈیجیٹل کرنسیوں کی فروخت کا دباوؤ برقرار

crypto legal status in Pakistan

کرپٹو کرنسی مارکیٹ میں جمعہ کو شروع ہونے والی مندی کا سلسلہ پیر کو بھی جاری رہا اور بٹ کوائن پیر کو مزید 6.84 فیصد سے زائد گرتے ہوئے 33 ہزار 400 ڈالر کی سطح پر آگیا۔

ڈیجیٹل کرنسیوں میں مسلسل گراوٹ کے نتیجے میں گزشتہ تین روز میں اب تک ایک بی ٹی سی کی قیمت میں تقریباً 10ہزار ڈالر کی کمی آچکی ہے، جمعہ کو غیر معمولی گراوٹ شروع ہونے سے پہلے بٹ کوائن کی قیمت 43ہزار ڈالر تھی۔

یہی حال دیگر ڈیجیٹل کرنسیوں کا ہے جس میں دوسری بڑی کرپٹو کرنسی ایتھریم کی قیمت مزید 12فیصد کی کمی سے 2198 ڈالر ہوگئی ہے، کاردانو کی قیمت بھی 14فیصد، سولونا 19فیصد، پولکا ڈاٹ 14فیصد، ڈوجی کوئن10فیصد اور شیبا انو 16فیصد گر گئی۔

کرپٹو کرنسی مارکیٹ نومبر میں بلندیوں کی جانب گامزن تھی اور ایک بٹ کوائن کی قیمت 69ہزار ڈالر تک پہنچ گئی تھی جب کہ دیگر کرنسیوں کی قیمت بھی اسی تناسب سے بڑھ رہی تھی لیکن اس کے بعد قیمتیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوا اور اب تک بٹ کوائن کی قیمت 45فی صد گرچکی ہے یہی حال دیگر کرنسیوں کا بھی ہے جس کی وجہ سے مجموعی طور پر نومبر کے بعد اب تک کرپٹو مارکیٹ سے ایک ہزار ارب ڈالر سے زائد کی کمی واقع ہوچکی ہے۔

واضح رہے کہ کرپٹو کرنسیاں گزشتہ کئی ہفتوں سے دباؤ کا شکار تھیں اور بٹ کوائن کو 45ہزار ڈالر سے آگے جانے میں مزاحمت کا سامنا تھا جب کہ 43ہزار کا سپورٹ لیول بھی کمزور پڑ رہا تھا جو بالآخر جمعہ کو ٹوٹ گیا۔

اس کے علاوہ چین، روس، امریکا، بھارت اور پاکستان سمیت کئی ممالک میں کرپٹو مارکیٹ کے حوالے سے سخت اقدامات پر مشتمل متوقع پالسیاں بھی کرپٹو مارکیٹ کو متاثر کر رہی ہے۔

ریسرچ رپورٹس کے مطابق امریکی سینٹرل بینک کی جانب سے بڑھتی مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے سخت مانیٹری پالیسی کی وجہ سے اسٹاک مارکیٹیں بھی دباؤ کا شکار ہیں اور اس کا اثر کرپٹو کرنسی مارکیٹ پر بھی پڑ رہا ہے۔

کرپٹو کے بڑے سرمایہ کار اس صورتحال کو بھی موقع کے طور پر لے رہے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ قیمت گرنے سے مارکیٹ کی کشش بڑھ رہی ہے تاہم چھوٹے سرمایہ کار نومبر کے بعد مسلسل گراوٹ سے سخت پریشان ہیں۔

ماہرین کی جانب سے امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آنے والے دنوں میں بھی کرپٹو مارکیٹ دباوؤ کا شکار رہے گی تاہم بٹ کوائن کو 32ہزار ڈالر پر سپورٹ مل سکتا ہے اور اگر یہ لیول برقرار نہ رہ سکا تو 30ہزار ڈالر کے آس پاس سرمایہ کار متحرک ہوسکتے ہیں۔

Tabool ads will show in this div