سندھ حکومت کاکوآپریٹو اوروکٹوریہ مارکیٹ کے متاثرین کومعاوضہ دینے کااعلان

مارکیٹوں میں آگ لگنے سے سیکڑوں دکانیں جل گئی تھیں
Jan 22, 2022

سندھ حکومت نے آتشزدگی سے متاثرہ صدر کی کوآپریٹو اور وکٹوریہ مارکیٹ کے دکانداروں کو معاوضہ دینے کا اعلان کردیا۔ وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ کوآپریٹیو مارکیٹ اور وکٹوریہ بلڈنگ کے متاثرین کو  ان کے نقصانات کے ازالے کیلئے جلد معاوضہ دیا جائے گا۔

ہفتہ کو کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے دورے کے موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے ان خیالات کا اظہار کیا۔

اجلاس میں چیئرمین بزنس مین گروپ (بی ایم جی) زبیر موتی والا، جنرل سیکریٹری بی ایم جی اے کیو خلیل، صدر کے سی سی آئی محمد ادریس، سینئر نائب صدر عبدالرحمان نقی، نائب صدر قاضی زاہد حسین، کے سی سی آئی کی خصوصی کمیٹی برائے اسمال ٹریڈرز کے چیئرمین مجید میمن، صدر کوآپریٹیو مارکیٹ ایسوسی ایشن محمد فیروز، کے سی سی آئی کے منیجنگ کمیٹی کے اراکین اور کوآپریٹو مارکیٹ وکٹوریہ بلڈنگ کے متاثرین نے بھی شرکت کی۔

ناصر حسین شاہ کا اس موقع پر مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی خصوصی ہدایت پر دونوں مارکیٹوں کے متاثرین کو معاوضہ دینے پر کام کررہی ہے، اس بات کے قطع نظر کہ یہ حادثہ تھا یا دہشتگردی، یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسے نقصانات کا ازالہ کرے اور ہم یہ مانتے ہیں کہ اس عمل میں تاخیر ہوئی ہے۔

چیئرمین بی ایم جی زبیر موتی والا نے کہا کہ کوآپریٹیو مارکیٹ اور وکٹوریہ مارکیٹ آگ کی وجہ سے بری طرح متاثر ہوئیں، انہوں نے حکومت سندھ سے اپیل کی کہ وہ کوآپریٹیو مارکیٹ واقعے کے متاثرین کو فوری طور پر معاوضے کی صورت میں ریلیف دے تاکہ رمضان المبارک اور عیدالفطر سے قبل متاثرین اپنے کاروبار کو مکمل طور پر بحال کرسکیں۔

انہوں نے خصوصی طور پر صوبائی وزراء سید ناصر حسین شاہ، جام اکرام اللہ خان دھاریجو، سعید غنی اور ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کے سی سی آئی سے مسلسل رابطے پر شکریہ ادا کیا۔

       جنرل سیکریٹری بی ایم جی، اے کیو خلیل نے کوآپریٹیو مارکیٹ کے دکانداروں کو ہونیوالے نقصانات کا صحیح اندازہ لگانے کیلئے کے سی سی آئی کا پلیٹ فارم پیش کردیا۔

       کے سی سی آئی کے صدر محمد ادریس نے کہا کہ کراچی چیمبر سندھ حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور کوآپریٹیو مارکیٹ کے تمام متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کو یقینی بنانے کی پوری کوشش کررہا ہے تاکہ ان دکانداروں اور ان کے ورکرز کی زندگی جلد معمول پر آسکے۔

       چیئرمین کوآپریٹیو مارکیٹ ایسوسی ایشن محمد فیروز نے کہا کہ پہلے ہی بہت دیر ہوچکی ہے اور رمضان، عیدالفطر کے آنیوالے شاپنگ سیزن کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت سندھ معاوضے کی ادائیگی جلد از جلد یقینی بنائے۔