لاہور دھماکے کے متاثرین کیلئے مالی امداد کا اعلان

جاں بحق افرادکے لواحقین کو 10لاکھ، شدیدزخمیوں کو5لاکھ ملیں گے
Jan 22, 2022

پنجاب حکومت نے لاہور دھماکے کے متاثرین کیلئے امداد کا اعلان کردیا۔ انار کلی دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے جبکہ شدید زخمیوں کو 5 لاکھ اور معمولی زخمیوں کو ایک لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔

جمعرات کو لاہور کے علاقے انارکلی بازار میں بم دھماکا ہوا تھا جس میں 3 افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہوئے، واقعے کے 5 شدید زخمی اسپتال میں زیر علاج ہیں جبکہ 20 افراد کو طبی امداد فراہم کرکے گھر بھیج دیا گیا تھا۔

گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب نے دھماکے کے متاثرین کی مالی مدد کا اعلان کیا تھا۔

پنجاب حکومت نے لاہور دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کیلئے 10 لاکھ روپے، شدید زخمی کیلئے 5 لاکھ اور معمولی زخمیوں کیلئے ایک لاکھ روپے فی کس امداد کا اعلان کردیا۔

وفاقی وزیر حماد اظہار اور صوبائی وزیر محمود الرشید نے میو اسپتال میں دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی اور انہیں امدادی رقوم کے چیک پیش کئے۔

دوسری جانب انارکلی دھماکے کی تحقیقات میں زیر حراست مشتبہ افراد کا کوئی کردار سامنے نہیں آیا، تينوں گرفتار افراد نيو انار کلی تھانے کے قريب زيرتعمير عمارت ميں کام کرتے ہيں۔

دھماکے کے بعد بازار میں رقم اور پرائز بانڈز لوٹنے کا مقدمہ نیو انارکلی تھانے میں عاصم شہزاد نامی تاجر کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔ مدعی کا مؤقف ہے کہ نامعلوم افراد نے دھماکے کے فوری بعد 7 لاکھ 25 ہزار روپے لوٹ لئے۔

حکام کے مطابق دہشت گردی کیلئے استعمال ہونیوالے بارودی مواد کی قسم کا تعین فارنزک رپورٹس میں ہوگا۔ حکام نے بتایا کہ پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کرکے مزید 18 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے۔

گزشتہ روز صوبائی وزیر راجہ بشارت نے پنجاب اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ پولیس نے واقعے میں ملوث 2 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

Tabool ads will show in this div