لاہور،جنگ اخبار لے جانیوالی پک اپ پرنامعلوم افراد کا بم حملہ
اسٹاف رپورٹ
لاہور: لاہور میں نامعلوم افراد نے جنگ اخبار لے جانے والی پک اپ وین پر پیٹرول بم سے حملہ کردیا، حملے کے بعد گاڑی میں موجود اخبار جل کر خاکستر ہوگئے، تاہم ڈرائیور اور اس کا ساتھی محفوظ رہے۔
پولیس کے مطابق لاہور کی مشہور ایبٹ روڈ پر واقع اخبار مارکیٹ میں جنگ گروپ کی گاڑی اتوار کی صبح اخبار لے کر نکل رہی تھی کہ اچانک دو نامعلوم افراد جو موٹر سائیکل پر سوار تھے، انہوں نے پیٹرول بم گاڑی پر دے مارا اور موقع سے فرار ہو گئے۔ حادثہ کے نتیجہ میں گاڑی میں سوار ڈرائیور اور ہیلپر محفوظ رہے، تاہم گاڑی کا پچھلہ حصہ کافی حد تک جل گیا جس کے نتیجہ میں گاڑی میں موجود اخبارات مکمل طور پر جل کر راکھ ہو گئے۔
ریسکیو حکام نے موقع پر پہنچ کر فوری طور پر آگ پر قابو پایا، جب کہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر واقعہ کی تحقیقات شروع کردیں۔ سماء