پولیو وائرس سےبچاؤ،قطرےپلانےکی مہم 24جنوری سےشروع ہوگی

ایمرجنسی آپریشن سینٹر برائے پولیو سندھ کی جانب سے صوبے بھر میں 24 جنوری سے 30جنوری تک پولیووائرس سے بچاؤ کےلیے قطرے پلانے کی مہم چلائی جائے گی۔
یہ سال کی پہلی خصوصی پولیو مہم ہے جو پاکستان بھر میں چلائی جا رہی ہے۔ اس مہم کے دوران سندھ کے 20 اضلاع میں تقریباً 58 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے جس میں کراچی کے تمام اضلاع میں 20لاکھ سے زائد بچے بھی شامل ہیں۔
اگست2020 سے لے کر اب تک تقریباً ہر ڈیڑھ ماہ بعد پولیو مہم چلائی گئی جس کی وجہ سے پولیو کیسز میں خاطر خواہ کمی آئی ہے اور گٹر کے پانی میں بھی پولیو وائرس کی موجودگی میں کمی آئی ہے۔
ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے بتایا کہ سندھ میں جولائی 2020 سے اب تک ایک بھی پولیو کیس رپورٹ نہیں ہوا اور گٹر کے پانی میں بھی جولائی 2021 سے پولیوکا وائرس نہیں ملا۔
سال 2021 میں پاکستان میں ایک پولیو کیس رپورٹ کیا گیا جس کا تعلق بلوچستان سے تھا۔
یہ بھی بتایا گیا کہ دسمبر2021 کی پولیو مہم میں99 فیصد ہدف حاصل کیا گیا۔