کروناکی زیادہ شرح والے تعلیمی ادارے ایک ہفتے کیلئے بندکرنیکافیصلہ

نیشنل کمانڈاینڈآپریشن سینٹر کی صوبوں کو شرح کے تعین کی ہدایت
Jan 21, 2022

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کرونا وائرس کی زیادہ شرح والے تعلیمی اداروں کو ایک ہفتے کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کیلئے صوبوں کو شرح کے تعین کی ہدایت بھی کردی ہے۔

این سی او سی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں تعلیمی اداروں میں کرونا ٹیسٹنگ اور ویکسینیشن سے متعلق غور کیا گیا۔

اجلاس نے اومی کرون سے متاثرہ شہروں کے تعلیمی اداروں میں ٹیسٹنگ کا جائزہ اور مختلف شہروں کے تعلیمی اداروں میں کرونا کیسز سامنے آنے پر فیصلہ کیا ہے کہ ایسے ادارے جہاں زیادہ شرح میں کیسز آئیں انہیں ایک ہفتے کیلئے بند کردیا جائے۔

این سی او سی کا کہنا ہے کہ آئندہ دو ہفتوں میں تعلیمی اداروں میں بڑے پیمانے پر کرونا ٹیسٹنگ کی جائے گی، جس کے بعد صرف زیادہ شرح والا تعلیمی ادارہ، ایک کلاس یا سیکشن بند ہوگا۔

مزید جانیے: محکمہ تعلیم سندھ نے تعلیمی اداروں سے متعلق نیا حکمنامہ جاری کردیا

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے صوبائی حکومتوں کو تعلیمی اداروں کی بندش سے متعلق کیسز کی شرح کے تعین کی ہدایت کی ہے، صوبائی حکومتیں محکمہ صحت، تعلیم اور اسکول انتظامیہ سے مل کر اس پر فیصلہ کریں گی۔

این سی او سی نے مزید کہا ہے کہ ‏12 سال سے زائد عمر کے طلباء کو ویکسین لگانے کیلئے مہم چلائی جائے تاکہ 100 فیصد ویکسینیشن یقینی بنائی جائے۔

واضح ہے کہ اسلام آباد کرونا کیسز رپورٹ ہونے پر چند روز کے دوران 19 اسکولوں کو بند کیا گیا جبکہ آزاد کشمیر میں بھی کرونا مثبت کیسز پر 7 تعلیمی ادارے بند کئے گئے تھے۔

دوسری جانب ایک ہفتہ قبل کراچی میں بھی ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر 3 اسکول سیل کردیئے گئے تھے۔

Tabool ads will show in this div