پی ایس ایل7:دو کھلاڑیوں سمیت 53افراد کے کرونا ٹیسٹ مثبت

تمام متاثرہ افراد کو قرنطینہ کردیا گیا
Jan 22, 2022

پاکستان سپر لیگ 7 کے آغاز سے قبل نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے 9 ملازمین، 2 کھلاڑیوں، 2 ٹیم آفیشلز اور ہوٹل عملے کے 40 ملازمین کرونا سے متاثر ہوگئے، جنہیں قرنطینہ کردیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق محکمہ صحت سندھ نے پاکستان سپر لیگ 7 کیلئے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں موبائل ایمرجنسی یونٹ قائم کردیا، یونٹ میں مرد اور خواتین ڈاکٹرز سمیت پیرامیڈیکل اسٹاف اور نرسز تعینات ہیں، جنہوں نے اسٹیڈیم میں تعینات 91 ملازمین کے کرونا ٹیسٹ کئے، جن میں سے 9 ملازمین کو رپورٹ مثبت آنے کے بعد قرنطینہ کردیا گیا۔

ڈائریکٹر ہیلتھ کراچی ڈاکٹر اکرم سلطان نے سماء ڈیجیٹل کو بتایا کہ سیکریٹری ہیلتھ سندھ ذوالفقار شاہ اور کمشنر کراچی اقبال میمن کی ہدایات پر پی ایس ایل 7 کیلئے انتظامات جاری ہیں، نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں موبائل میڈیکل ایمرجنسی یونٹ قائم کردیا گیا ہے، جس میں 2 ایمرجنسی بیڈ بھی موجود ہیں، تاہم ضرورت پڑنے پر بستروں کی تعداد 10 تک بڑھائی جاسکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایمرجنسی موبائل یونٹ میں مرد اور خواتین ڈاکٹروں سمیت پیرامیڈیکل اسٹاف اور نرسز بھی تعینات ہوں گی، ہمارے پاس آرتھوپیڈکس، آرتھوفزیشن، آئی اسپیشلسٹ، نیورولوجسٹ اور کارڈیالوجسٹ بھی موجود ہوں گے۔

ڈاکٹر اکرم سلطان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں یا شائقین میں سے کسی کو بھی خدانخواستہ اگر کوئی ایمرجنسی کی ضرورت پڑی تو ہمارے پاس تمام ماہرین موجود ہوں گے، موبائل ایمرجنسی یونٹ کی نگرانی ڈپٹی ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر غنی شیخ کررہے ہیں۔

ڈائریکٹر ہیلتھ کراچی نے بتایا کہ اسٹیڈیم میں تعینات عملے کے 91 افراد کے پی سی آر ٹیسٹ کئے گئے ہیں جن میں سے 9 ملازمین میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، کرونا مثبت آنیوالے ملازمین کو قرنطینہ کردیا گیا ہے جبکہ اسٹیڈیم میں تعینات عملے کی آمد و رفت بھی محدود کردی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نجی ہوٹل میں مقیم پی ایس ایل کے کھلاڑیوں کے بھی پی سی آر ٹیسٹ کئے گئے ہیں، ڈی ایچ او ساؤتھ اور ان کی ٹیم ہوٹل میں موجود ہے اور ڈی ایچ او کی ٹیم کے بھی کوویڈ ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔

ہوٹل میں مقیم کھلاڑیوں اور عملے کی ٹیسٹ رپورٹ بھی آگئیں جن کے مطابق 2 کھلاڑی، 2 ٹیم آفیشلز اور ہوٹل عملے کے 40 ملازمین میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

متاثرہ کھلاڑیوں، ٹیم آفیشلز اور ہوٹل عملے کو بھی آئسولیٹ کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ جمعرات کو ٹورنامنٹ پروگرام کے مطابق شروع ہوگا، تمام غیر ملکی پاکستان آرہے ہیں، تمام غیرملکی بم دھماکے کے باوجود لاہور جانے کو تیار ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان سپر لیگ کی مختصر تقریب میں موروف سنگر عاطف اسلم پرفارم کریں گے۔

Tabool ads will show in this div