بھارتی فوج نے 2015 میں 164 کشمیریوں کو شہید کیا
سرینگر: مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کی طرف سے سرینگر میں جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سال 2015 کے دوران مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے مختلف واقعات میں بھارتی فوجیوں نے 53 شہریوں سمیت 164 کشمیریوں کو شہید کیا۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق منان بخاری کی سربراہی میں قائم حریت کانفرنس کے انسانی حقوق ڈویژن کی مرتب کردہ رپورٹ میں کم عمر کشمیریوں کی گرفتاریوں، جبری گمشدگیوں ، دوران حراست قتل اور جعلی مقابلوں سمیت انسانی حقوق کی دیگر پامالیوں کے علاوہ مظاہرین پر پیلٹ گن اور آنسو گیس کے مضر اثرات پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی۔
رپورٹ ذرائع ابلاغ کو جاری کرنے سے قبل سرینگر میں میر واعظ عمر فاروق کی صدارت میں منعقد ہونیوالے کل جماعتی حریت کانفرنس کے اجلاس میں پیش کی گئی۔ پچیس صفحات پر مشتمل اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے45 نوجوانوں کو پیلٹ گن کا نشانہ بنایا گیا جس میں سے بیشتر کی بینائی متاثر ہوئی۔
رپوٹ میں گرفتاریوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا کہ نو مبر میں حریت رہنماﺅں اور کارکنوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاﺅن کے دوران ایک ہزار سے زائد حریت پسندوں کو نظربند اور گرفتار کیا گیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں سال مختلف پر تشدد واقعات میں 164 کشمیری شہید ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق اگست میں سب سے زیادہ 13 کشمیریوں کو شہید کیا گیا جبکہ فروری اور مارچ میں دو،دو، اپریل اور جولائی میں پانچ، پانچ، مئی اور نومبر میں تین، تین اور جون اور ستمبر میں چھ، چھ جبکہ اکتوبر میں ایک اور دسمبرمیں سات شہریوں کوشہید کیا گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ جنوری میں میں دس، فروری میں آٹھ ،مارچ میں چار، اپریل میں دو، مئی میں سات، جون میں آٹھ، جولائی میں بارہ، اگست میں تیرہ، اکتوبر میں تیرہ، نومبر میں آٹھ اور رواں ماہ آٹھ جبکہ ستمبر میں سے زیادہ اٹھارہ مجاہدین کو شہید کیاگیا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ 2015میں بھی پولیس کی طرف سے کشمیری لڑکوں کی گرفتاری کا سلسلہ جاری رہا اور 16اکتوبر کو ایک 9 برس کے بچے کو گرفتارکیا گیا جس کی گرفتاری کی تصاویر مقامی اور غیر ملکی اخبارات میں بھی شائع ہوئیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سال بھر کشمیر میں گرفتاریوں کا سلسلہ جاری رہا تاہم نومبر میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ کشمیر کے موقع پر بڑے پیمانے پر حریت رہنماﺅں اور کارکنوں کے خلاف کریک ڈاﺅن کیا گیا اور تقریباً ایک ہزار رہنماﺅں کو گرفتار اورگھروں میں نظربند کیا گیا ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کشمیر میں رواں سال 41بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار بھی ہلاک ہو ئے۔ سماء/ایجنسی