اسلام آباد: 15 ججز کرونا وائرس کا شکار ہوگئے

مذکورہ عدالتوں کو آج بند کردیا گیا
Jan 21, 2022
?
?
?
?

اسلام آباد میں کرونا وائرس سے متاثرہ کیسز میں اضافہ ہوگیا، جہاں ضلع کچہری کے 15 ججز کرونا کے وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت کی ضلع کچہری میں 15 ججز کے کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق جمعہ 21 جنوری کو کی گئی۔ جب کہ ضلع کچہری میں مختلف عدالتوں کے 58 اہلکار بھی کرونا میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

بڑی تعداد میں کیسز سامنے آنے کے بعد انتظامیہ کی جانب سے کرونا کا شکار ججز کی عدالتیں آج کے لیے بند کر دی گئی ہیں، مذکورہ عدالتوں میں ڈس انفکشن سپرے کرایا جائے گا۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عدالتی اہلکار جس جس عدالت میں کام کر رہے تھے، وہاں بھی ڈس انفکشن سپرے ہوگا، ضلع کچہری ویسٹ کورٹس میں 10 ججز اور 29 اہلکار کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، دوسری جانب ایسٹ کورٹس میں بھی 5 ججز اور 29 اہلکاروں کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں کرونا کی پانچویں لہر جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی 7678 کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں۔

پاکستان میں عالمی وبا کرونا کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 23 افراد انتقال کر گئے۔ سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا کے مثبت کیسز کی شرح 12.94 فیصد رہی۔

این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کرونا سے اموات کی تعداد 29065 ہوچکی ہے، جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 13 لاکھ 53 ہزار 479 تک پہنچ چکی ہے۔

اس کے علاوہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 814 افراد کرونا سے صحت یاب بھی ہوئے جس کے بعد ملک میں وبا سے شفایاب ہونے والے افراد کی تعداد 12 لاکھ 66479 ہو گئی ہے۔