ایف آئی اے میں شکایت کے بعد نادیہ خان کاموقف آگیا

شرمیلافاروقی کی والدہ سے سوالات پروضاحت

شرمیلا فاروقی کی جانب سے اپنے خلاف ایف آئی اے سائبر کرائم میں شکایت کے اندراج کے بعد نادیہ خان نے اس معاملے پراپنا موقف واضح کیا ہے۔

شرمیلا نے نادیہ خان کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان اُن کے ساتھ اپنی والدہ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد کیا تھا جس میں نادیہ خان شرمیلا کی والدہ انیسہ فاروقی سے سوال کرتی ہیں کہ آپ کا اتنا حسین میک اپ کون کرتا ہے؟انیسہ فاروقی نے بتایا کہ میک اپ وہ خود کرتی ہیں، بچپن سے ہی جیولری پہننے اور ڈریسنگ کا شوق تھا لیکن میک اپ کرنا انہوں نے شرمیلا سے سیکھا ہے۔

بعد ازاں شرمیلا فاروقی نے اپنے تبصرے میں نادیہ کو' بے شرم خاتون' کہتے ہوئے سائبر کرائم میں شکایت کا اعلان کیا تھا اور گزشتہ روز پی پی رہنما اور رکنِ سندھ اسمبلی نے انسٹا اسٹوریز اور ٹوئٹرپربتایا کہ انہوں نے ایف آئی اے سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر سندھ میں نادیہ خان کےخلاف باضابطہ طور پر شکایت درج کروادی ہے۔

معاملے پرنادیہ خان نے شوہرفیصل کے ہمراہ یو ٹیوب چینل پراپ لوڈ کی جانے والی ویڈیو میں موقف واضح کیا ہے کہ انہوں نے ایسے سوالات کیوں کیے تھے۔

ویڈیو کے آغازمیں نادیہ کا کہنا ہے کہ میں یہ ویڈیو نہیں بنانا چاہتی تھی لیکن میرے لیے دیکھنے والے اور میڈیا چینلزبہت اہم ہیں جنہوں نے مجھے کہا کہ نادیہ وہ بول رہی ہیں آپ کو بھی کچھ کہنا چاہیے، ایک دن خاموش رہی کیونکہ فیصل نے بھی کہا کہ آپ خاموش رہیں کیونکہ سیاستدانوں کو میڈیا کوریج اچھی لگتی ہے لیکن اب بہت ہوگیا۔

نادیہ خان نے شرمیلا کی والدہ سے سوالات سے متعلق بات کرتے ہوئے واضح کیا کہ سب جانتے ہیں میں یوٹیوبر ہوں، گاڑی سے اتری تو کیمرہ میرے ہاتھ میں ہی تھا، انیسہ مجھ سے بہت پیار سے ملیں اور اپنا تعارف کروایا،میں انہیں نظراندازکرسکتی تھی لیکن مجھے لگا کہ انہیں عزت دینا چاہیے کیونکہ ہمیں یہی سکھایا گیا ہے کہ بڑوں کو وقت دیکر، انہیں اہمیت دیکر، تعریف کر کے انہیں خوش کیا جاسکتا ہے، ورنہ کیا میں ان سے یہ پوچھتی کہ آپ کی بیٹی کا بینک بیلنس کیا ہے؟۔

نادیہ نے واضح کیا کہ انہیں وہ خواتین بہت پسند ہیں جواپنا خیال رکھتی ہیں اس لیے انہیں لگا کہ انیسہ فاروقی کو سراہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دیکھنے والے اس ویڈیو میں مجھے کوئی ایک نامناسب لفظ ڈھونڈ کردکھادیں۔

شرمیلا فاروقی کی جانب سے خود کو بےشرم کہنے اور دوسری عورتوں کیلئے لڑنے سے متعلق بیان پرنادیہ نے کہا کہ یہ جرم ہے، وہ دوسری عورت کو بےشرم کہہ رہی ہیں اس پرشرم نہیں آرہی؟جو لوگ کہہ رہے ہیں کہ میری نیت ایسی ہوگی وہ خدا کا خوف کریں ۔ انیسہ فاروقی ہیں خوبصورت اور متاثرکن ہیں لیکن حیرت یہ ہے کہ شرمیلا کو اس میں برا کیا لگا۔

[iframe width="100%" height="360" frameborder="0" scrolling="no" marginheight="0" marginwidth="0" src="https://www.youtube.com/embed/onoPq5Ah2QM"]

نادیہ نے سوال اٹھایا کہ شرمیلا بتائیں کہ میں نے ان کی والدہ کی جو تعریفیں کیں کیا وہ ایسی نہیں ہیں؟ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ جب میری شادی ہوئی تو عجیب عجیب باتیں کی گئیں، جنہیں میں ذاتی طورپرجانتی تھی ان سے ایسا مواد ہٹانے کی درخواست کی تو شرمیلا بھی ایسا کرسکتی تھیں۔

انہوں نے ویڈیو میں سائبرکرائم ایکٹ کے حوالے سے بھی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ جب تک کوئی لفظ ایسانہ ہو وہ جُرم نہیں، مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا شرمیلا کوشکایت کرنے دیں یہ ان کا حق ہے، وہ اسٹیٹس لگا کرشکایت درج کروارہی ہیں کیونکہ انہیں ہرجگہ میڈیا کی توجہ چاہیے۔

نادیہ نے شرمیلا کی والدہ کو واقعی خوبصورت کہتے ہوئے کہا کہ شرمیلا آپ نے تب بھی نہیں مانا تھا، اب بھی نہیں مانیں گی، یہ آپ کا اپنا مسئلہ ہے۔

فیصل نے بھی اہلیہ کے موقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ نادیہ نے کہا تھا کہ میں بھی اس عمر میں اتنی ہی ٹپ ٹاپ سے رہنا چاہوں گی، مجھے لگا کہ یہ صورتحال پیداکی گئی ہے ورنہ شرمیلا کو شاید ایسا نہ لگا ہو۔

نادیہ نے آخرمیں میڈیا سے گزارش کی کہ انیسہ فاروقی میری والدہ کی طرح ہیں، ان کے خلاف کچھ نہ لکھاجائے۔

Tabool ads will show in this div