کرونا کیسز: اسلام آباد میں مزید 9 تعلیمی ادارے بند

اداروں میں کرونا کے 21 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا کیسز کی تشخیص پر 9 تعلیمی اداروں کو سیل کردیا گیا۔ ڈی ایچ او کا کہنا ہے کہ 4 روز میں 19 اداروں میں 49 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

ڈی ایچ او اسلام آباد کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 9 سرکاری تعلیمی اداروں میں کرونا کے 21 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد انہیں بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کرونا کیسز رپورٹ ہونیوالے تعلیمی اداروں کو فوری بند کیا جائے۔ اپنے مراسلے میں ڈی ایچ او اسلام آباد کا کہنا ہے کہ متعلقہ تعلیمی اداروں کو آئندہ احکامات تک بند رکھا جائے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے مطابق اسلام آباد میں 4 روز کے دوران 19 سرکاری تعلیمی اداروں میں کرونا وائرس کے 49 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

اس سے قبل آزاد کشمیر کے شہر میرپور میں بھی کرونا وائرس کے مثبت کیسز رپورٹ ہونے کے بعد 7 تعلیمی ادارے بند کئے جاچکے ہیں۔

واضح رہے کہ نیشل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے 10 فیصد یا اس سے زائد کیسز کی شرح والے علاقوں میں نئے ایس او پیز لاگو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق تعلیمی اداروں سے متعلق فیصلہ کرونا کیسز کی شرح کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔

Tabool ads will show in this div