فنکاروں کے معاوضے سے متعلق قرارداد سینیٹ میں منظور

شوبز شخصیات فیصل جاوید کے مشکور

سینیٹ میں فنکاروں کے معاوضے سے متعلق قرارداد منظور کرلی گئی جس پر شوبز شخصیات کی جانب سے قرارداد پیش کرنے والے سینیٹر فیصل جاوید خان کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

سینیٹر فیصل جاوید خان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ کے تمام اراکین کا شکر گزار ہوں جنہوں نے فنکاروں کے معاوضے (رائلٹی) کے متعلق قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کروانے کیلئے اپنا اپنا کردار ادا کیا۔

سینیٹر نے قراداد کو پیش کرنے اور اس کے پاس ہونے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے فنکار برادری کو مبارک باد پیش کی تھی۔

جس کے بعد شوبز شخصیات نے پی ٹی آئی سینیٹر کی کاوشوں پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے ایک سال قبل ہی فنکاروں کو ان کے کام اور خدمات کی عوض ’رائلٹی‘کی مد میں ہر بار دوبارہ معاوضہ دینے سے متعلق قانون سازی کروانے کا اعلان کیا تھا۔

واضح رہے کہ کسی بھی گیت، فلم یا ٹی وی ڈرامے سمیت کسی بھی پروگرام کا دوبارہ نشر کیے جانے پر فنکاروں کو معاوضہ ادا کرنا رائلٹی کہلاتا ہے۔

Tabool ads will show in this div