کراچی:کشمیرروڈپرنوبیاہتادلہےکوقتل کرنیوالےملزم کی خودکشی

ملزم نے چھاپے کے دوران مبینہ طور پر خودکشی کی
Jan 18, 2022

کراچی میں کشمیر روڈ پر ماں کے سامنے بیٹے کو قتل کرنے والے ملزم نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی۔

پولیس نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاہ رخ قتل کیس میں ایک مشتبہ ملزم علی فرزند جعفری کی گرفتاری کے لئے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کی پولیس پارٹی نے گلشن اقبال بلاک 7 میں ایک ریسٹورنٹ پر چھاپہ مارا۔

چھاپے کے دوران پولیس کو دیکھ کر ملزم نے اچانک اپنا پستول نکال کر کنپٹی پر خود کو گولی مارلی، متوفی شعبہ انوسٹی گیشن پولیس کا سپاہی تھا جو ڈسٹرکٹ ویسٹ میں تعینات تھا

جاں بحق ملزم کی لاش پوسٹمارٹم کیلئے جناح اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ خود کو قتل کرنے والے پولیس اہلکار کو سی سی ٹی وی کی مدد سے شناخت کیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق ملزم کی مختلف زاویوں کی دیگر کیمروں سے بھی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی گئی تھی، جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزم کی گلشن اقبال میں موجودگی کی اطلاع پر چھاپامارا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق ملزم کا کرمنل ریکارڈ بھی موجود ہے۔ ،ایس ایس پی عارف عزیز کے مطابق ملزم 3مرتبہ گرفتار ہو کر جیل بھی جا چکا ہے۔ ملزم فرزند علی پر بلال کالونی میں 2مقدمات درج ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزم پر بہادرآباد میں بھی2مقدمات درج ہیں۔ ملزم ناجائر اسلحہ رکھنے، ڈکیتی کی واردات اور منشیات فروشی میں ملوث تھا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل کراچی کے علاقے پاکستان ایمپلائز کو آپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی (پی ای سی ایچ ایس) میں کشمیر روڈ کے قریب گھر کے باہر ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر ملزم کی فائرنگ سے نوبیاہتا نوجوان شاہ رخ جاں بحق ہوگیا تھا۔

Tabool ads will show in this div