پی آئی اے طیارے کے کاک پٹ میں خاتون کیاکررہی تھی؟

قومی ایئرلائنز نے وضاحت جاری کردی
Jan 17, 2022

باکمال لوگوں کی لاجواب سروس نے غیر ذمہ داری کا ایک اور بکھیڑا کھڑا کردیا۔ تحریک انصاف کے ایم این اے امجد خان نیازی نے الزام عائد کیا ہے کہ کراچی سے اسلام آباد کی پرواز میں ایک مسافر خاتون نے کاک پٹ میں بیٹھ کر سفر کیا، آخر کیوں؟ معاملہ ایوان میں اٹھانے کا اعلان کردیا۔ پی آئی اے نے کئی گھنٹے بعد وضاحت جاری کردی کہ مسافر کپتان کی اجازت سے کاک پٹ میں جاسکتا ہے۔

کراچی سے اسلام آباد کیلئے اتوار کی شب اڑان بھرنے والی پرواز پی کے 306 میں خاتون مسافر نے کاک پٹ میں سفر کیوں کیا؟، قومی ایئر لائن کی ایک اور مبینہ غیر ذمہ داری کی خبر شہ سرخیوں میں آگئی۔

فلائٹ میں سوار ایم این اے امجد خان نیازی نے الزام عائد کیا ہے کہ 3 اور 6 سال کے 2 بچوں کے ساتھ  سفر کرنیوالی خاتون، جس کا اپنا سیٹ نمبر 6 سی تھا، تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ کاک پٹ میں بیٹھی رہیں؟۔

امجد خان کے مطابق انہوں نے عملے سے سوال کیا تو وہ واضح جواب دینے کے بجائے ایک دوسرے پر ملبہ ڈالتے رہے، اب جوابدہی اعلیٰ ترین سطح پر ہوگی۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ پائلٹس نے کریو کے ساتھ تقریباً 200 مسافروں کی زندگیوں کے ساتھ کھیلنے کی کوشش کی، اس معاملے پر سی ای او اور ایم ڈی کو قومی اسمبلی میں طلب کریں گے۔

اس ساری صورتحال پر پی آئی اے نے اپنا مؤقف کئی گھنٹے بعد جاری کیا۔ ترجمان کا کہنا ہے قواعد کے مطابق عملہ اور کریو ممبرز پائلٹ کی اجازت سے کاک پٹ میں داخل ہوسکتے ہیں، مذکورہ خاتون پی آئی اے کی ہی آف ڈیوٹی ایئرہوسٹس تھی، جو کاک پٹ میں 5 منٹ رسمی سلام دعا کے بعد اپنی نشست پر واپس آکر بیٹھ گئی تھی۔

Tabool ads will show in this div