ابوظہبی: مشتبہ ڈرون حملہ، ٹینکرزدھماکوں میں پاکستانی سمیت 3افراد ہلاک

ابوظہبی نیشنل آئل کمپنی میں واقعہ پیش آیا
Jan 17, 2022

ابوظہبی میں نیشنل آئل کمپنی کے اسٹوریج ٹینک کے قریب آگ لگنے کے بعد 3 ٹینکرز دھماکے سے پھٹ گئے، واقعے میں ایک پاکستانی اور 2 بھارتی شہری ہلاک ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق دھماکوں کی ذمہ داری یمن کی حوثی تنظیم نے قبول کرلی۔

متحدہ عرب امارات کے سرکاری خبر رساں ادارے وام کے مطابق  ابوظہبی میں ہونیوالے دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد کی ہلاکت کے علاوہ 6 افراد زخمی بھی ہوئے، یہ دھماکے محمد بن زید سٹی کے قریب آئی کیڈ 3، مصفح کے علاقے میں ہوئے۔

ایمرجنسی سروسز کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور آگ بجھانے کی کارروائی جاری ہیں۔

متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ ممکنہ طور پر ڈرون نما کوئی چیز ان علاقوں میں گری جس کے بعد آگ لگ گئی۔

عرب میڈیا کے مطابق ابوظہبی پولیس نے تصدیق کی ہے کہ آگ صبح کے وقت لگی، جس سے 3 ٹینکرز میں دھماکے ہوئے۔

امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق یمن کی حوثی تحریک نے پیر کو متحدہ عرب امارات میں ہونیوالے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔

یمن کی حوثی تحریک کے فوجی ترجمان کے مطابق اس عسکری گروہ نے ’متحدہ عرب امارات میں گہرائی تک‘ ایک فوجی آپریشن شروع کیا اور آنے والے گھنٹوں میں اس کی تفصیلات کا اعلان کیا جائے گا۔

متحدہ عرب امارات نے 2019ء میں یمن میں اپنی فوجی موجودگی کو بڑے پیمانے پر کم کردیا تھا لیکن یمنی افواج کے ذریعے اسے مسلح اور تربیت دی گئی ہے۔

Tabool ads will show in this div