کراچی: او ایم آئی اسپتال میں آتشزدگی، دو افراد جاں بحق

نارتھ کراچی میں آئل ٹینکر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی

OMI

کراچی میں او ایم آئی اسپتال میں آتشزدگی کے باعث دو افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ ڈیڑھ گھنٹے بعد آگ بجھا دی گئی۔

فائر بریگیڈ کے مطابق سوک سینٹر سے دو فائر ٹرک اور صدر فائر اسٹیشن سے ایک فائر ٹینڈر کو آگ بجھانے کے لیے روانہ کر دیا گیا۔

آگ سے جھلس کے ایک شخص شدید زخمی ہوا تھا جسے سول اسپتال کے برن سینٹر منتقل کیا گیا تاہم وہ زخمی کی تاب نہ لاتا ہوا چل بسا۔

آگ لگنے کا واقعہ اسپتال کے آکسیجن پلانٹ کے قریب پیش آیا جہاں ویلڈنگ کا کام جاری تھا، جاں بحق اور زخمی شخص پیشے کے اعتبار سے ویلڈنگ کا کام کرتے تھے۔

ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سٹی سرفراز ناز نے سماء ڈیجیٹل کو بتایا کہ اسپتال میں حفاظتی کام جاری تھا کہ ایک ویلڈر کے کپڑوں پر اچانک آگ لگ گئی جبکہ دوسرے ویلڈر نے آگ بجھانے والا آلہ سمجھ کر آکسیجن سلنڈر کا استعمال کیا جس سے آگ مزید پھیل گئی۔

صدر فائر اسٹیشن کے اسٹیشن آفیسر ظہیر صدیقی نے بتایا کہ 4بجکر24 پر آگ لگنے کی اطلاع ملی، عملہ اسپتال پہنچا تو ایک شخص جاں بحق ہوچکا تھا۔ آگ اسپتال کے اسٹور اور ریکارڈ روم میں لگی تھی جس پر ایک سے ڈیڑھ گھنٹے میں قابو پالیا گیا۔

دوسری جانب، نارتھ کراچی دو منٹ چورنگی کے قریب پیٹرول پمپ پر آئل ٹینکر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جسے بجھانے کے لیے ریسکیو کا عملہ روانہ ہوگیا۔

ایس ایس پی سینٹرل غلام مرتضیٰ تبسم کے مطابق آئل ٹینکر پیٹرول پمپ پر تیل بھرنے کے لیے پہنچا تھا، تاہم واقعے میں کوئی شخص جاں بحق یا زخمی نہیں ہوا۔

Tabool ads will show in this div