تعلیمی اداروں میں بڑے پیمانے پرکرونا ٹیسٹ کرنےکا فیصلہ
این سی او سی اجلاس میں تعلیمی اداروں میں بڑے پیمانے پر کرونا ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم فی الحال ان کی بندش کا فیصلہ نہیں ہوسکا،اجلاس منگل کو دوبارہ ہوگا۔
پیر کو اسلام آباد میں وفاقی وزیراسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزرائے تعلیم اور صحت نے شرکت کی۔ شرکاء کو کرونا ایس او پیز کے نفاذ اور ویکسی نیشن کے حوالے سے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں 12 سال سے زائد عمر کے بچوں کی ویکسینیشن کا جائزہ لیا گیا اور ویکسینیشن کے اہداف پر بھی غور کیا گیا۔
این سی او سی نے 10فيصد سے زائد کرونا کيسزکی شرح والےعلاقوں ميں پابندياں لگانے پر بھی غور کیا تاہم حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
اجلاس میں تعلیمی اداروں میں بڑے پیمانے پر کرونا ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ یہ بھی تجویز دی گئی کہ تعلیمی اداروں کی بندش کا فیصلہ کیسز کی شرح دیکھ کر کیا جائے گا۔
اسکولوں میں کرونا کیسز کا ڈیٹا اکھٹا کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور مثبت کیسز کی شرح دیکھ کر آئندہ کےلیے اقدامات کا فیصلہ کیا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی حکومتیں 48 گھنٹے میں تعلیمی اداروں کے حوالے سے نئی ایس او پیز جاری کریں گی۔