حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا

مصنوعات 3.01 روپے فی لیٹر تک مہنگی
Jan 15, 2022

حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا، پیٹرول فی لیٹر 3.01 اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 3 روپے مہنگا ہوگیا، مٹی کے تیل کی قیمت بھی بڑھادی گئی۔ نئی قیمتوں کا اطلاع آج رات 12 بجے سے 15 روز کیلئے ہوگا۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت نے پیٹرول کی قیمت 3 روپے ایک پیسے اضافے سے 147 روپے 83 پیسے مقرر کردی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل بھی 3 روپے مہنگا ہو کر 144 روپے 62 پیسے فی لیٹر ہوگیا۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے اضافہ کردیا گیا جس کے بعد نئی قیمت 114 روپے 54 پیسے اور مٹی کا تیل 3 روپے مہنگا ہو کر 116 روپے 48 پیسے فی لیٹر ہوگیا۔

وزارت خزانہ کے مطابق پیٹرول مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے (16جنوری 2022ء) سے آئندہ 15 روز کیلئے ہوگا۔

ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے اس ماہ بھی اوگرا کی تجویز مسترد کی ہے، 15 روز میں عالمی مارکیٹ میں‌ خام تیل 10 فیصد مہنگا ہوا تاہم حکومت نے قیمتوں میں صرف 2 فیصد اضافہ کیا۔

مزید جانیے: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا

واضح رہے کہ حکومت نے یکم جنوری 2022ء کو بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 4.15 روپے فی لیٹر تک اضافہ کیا گیا۔

دو روز قبل منظر عام پر آنیوالی دستاویز کے مطابق پیٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت 5.27 روپے فی لٹر اور ڈیزل 5.79 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان تھا جبکہ مٹی کے تیل کی ایکس ریفائنری قیمت 5.82 روپے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 6.37 روپے کا اضافہ کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔

Tabool ads will show in this div