اپوزیشن میں دراڑ آگئی ہے،غلام سرور

سینٹ میں عدم اعتماد پرشکست کے بعد اپوزیشن کو جرات نہیں ہے
Jan 15, 2022

وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان  نے کہا ہے کہ اپوزیشن میں دراڑ ہے،حکومت کے خاتمے کےلیے بلاول بھٹو کوئی تاریخ جبکہ مولانا فضل الرحمان کوئی اور تاریخ دیتے ہیں۔

راولپنڈی کیمپ آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے غلام سرور خان نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ اور حکومت ایک پیج پر ہیں، میگا پراجیکٹس پر کام جاری ہے جس سے سیاسی اثر پڑے گا۔

انھوں نے کہا کہ اپوزیشن کے لوگوں نے کہا ہے کہ ہمارے ٹکٹ پر الیکشن جیتنا مشکل ہوگا، پی ٹی آئی کا ٹکٹ لینا باعث اعزازہوگا تاہم چوروں کا ٹکٹ لینا باعث شرم ہے۔

غلام سرور خان نے کہا کہ پرویز خٹک صاحب نے عوامی معاملہ پر بات کی اور یہ برا نہیں ہے،ایم این اے کے خدشات تھے کہ گیس کے پراجیکٹ مکمل ہوں تا کہ باہر سے مہنگی نہ منگوانی پڑے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیل کی باتوں پر آئی ایس پی آر کو تفصیلی بیان جاری کرنا پڑرہا ہے، سابق وزیراعظم نواز شریف کے آنے کی بات ہورہی ہے، وہ آئیں گے تو سیدھا جیل ہی جائیں گے کیوں کہ نواز شریف جعلی میڈیکل رپورٹ پر باہرگئے تھے اور سابق وزیراعظم کوسپریم کورٹ نے 7 سال قید کی سزا سنائی  تھی۔

غلام سرور نے مزید کہا کہ سینٹ میں عدم اعتماد پرشکست کے بعد اپوزیشن کو جرات نہیں ہے کیوںکہ میڈیا کے ذریعے ملک میں بے یقینی کی کیفیت کا ماحول پیدا کیا گیا جس کا ملک متحمل نہیں ہوسکتا۔

Tabool ads will show in this div