سانحہ مری:کیاموقع پرست ہوٹلوں کوسیل کرنا محض دکھاوا تھا؟
مری میں پیش آنیوالے دلخراش حادثے کے موقع پر شکایات موصول ہونے پر کئی ہوٹلوں کو سیل کرنے کا معاملہ مشکوک ہوگیا۔
بظاہر سیل کیے جانے والے ہوٹلوں کے باہر اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے محض سادہ کاغذ پر لکھے نوٹس چسپاں کیے گئے جن پر نہ تو کسی افسر کے دستخط ہیں اور نہ ہی کوئی مہر لگی ہے۔
ایسا لگتا ہے کہ ہوٹل سیل کرنے کے نام پر متعلقہ حکام نے حکومت اور عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی ہے کیوں کہ ایسی کارروائی کے دوران اصولی طور پر چسپاں کیے گئے کاغذ پر متعلقہ افسر کے دستخط اور ادارے کی مہر ضرور ثبت ہونی چاہیے تھی۔
ماہرین کی رائے میں کسی عمارت یا دکان پر ایسے سادہ کاغذ چسپاں کردینے کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہوتی۔ اس حوالے سے سماء نے جب اسسٹنٹ کمشنر مری سے رابطہ کیا تو انہوں نے مؤقف دینے سے انکار کردیا۔