حکام کوبلیک لسٹ کرنےکامعاملہ،امریکہ کی ایران کوسنگین نتائج کی دھمکی

گزشتہ روز ایران نے 51 امریکی حکام کو بلیک لسٹ میں شامل کردیا تھا۔
Jan 10, 2022

ایران کی جانب سے جنرل قاسم سلیمانی کے قتل میں ممکنہ طور پر ملوث ہونے پر امریکا کے 51 سینئر حکام اور عہدیداروں کو بلیک لسٹ کیے جانے پر امریکہ نے تہران کو سنگین نتائج سے خبردار کردیا۔

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کی رپورٹ کے مطابق امریکی قومی سلامتی کے مشیر نے تہران کو امریکیوں کو نشانہ بنانے سے باز رہنے کو کہا ہے۔

رپورٹ میں وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے ایک جاری بیان میں ایران کو سنگین نتائج دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ کوئی غلطی نہ کریں، امریکہ اپنے شہریوں کا تحفظ اور دفاع کرے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ایران نے 51 امریکی حکام اور عہدیداروں کو بلیک لسٹ میں شامل کرنے کا اعلان کیا تھا جس میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی شامل ہیں۔ ایران کی جانب سے ان امریکی عہدیداروں کو ایرانی کمانڈر قاسم سلیمانی کی موت میں ان کے کردار کی وجہ سے فہرست میں شامل کیا گیا۔

یاد رہے کہ ایک سال قبل بھی ایران نے ڈونلڈ ٹرمپ اور کئی سینئر امریکی حکام پر پابندیاں عائد کی تھیں اور چند روز قبل ہی جنرل قاسم سلیمانی کی دوسری برسی کے موقع پر ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے کہا تھا کہ اگر سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر قاسم سلیمانی کے قتل کا مقدمہ نہیں چلایا جاتا، تو امریکہ سے بدلہ لیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 3 جنوری 2020 کو اس وقت کے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سربراہی میں امریکی فوج نے عراق کے دارالحکومت بغداد کے ایئرپورٹ پر فضائی کارروائی کرکے جنرل قاسم سلیمانی کو قتل کردیا تھا اور اس واقعے میں ان کے نائب بھی جاں بحق ہوئے تھے۔

Tabool ads will show in this div