اےایس آئی نویداقبال اورخاندان کےدیگر7افرادکی نمازجنازہ ادا

والد کا نماز جنازہ اٹھاتے ہوئے بڑا بیٹا بے ہوش ہوگیا
Jan 09, 2022
[video width="640" height="360" mp4="https://i.samaa.tv/wp-content/uploads/sites/11//usr/nfs/sestore3/samaa/vodstore/urdu-digital-library/2020/01/ASI-Naveed-Namaz-e-Janaza-Talagang-09-01.mp4"][/video]

مری میں خاندان کے دیگر 7 افراد کے ہمراہ جاں بحق ہونے والے اے ایس آئی نوید اقبال کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے، نماز جنازہ اٹھاتے وقت نوید اقبال کے بیٹے حسان بے ہوش ہوگئے۔

تمام افراد کی نماز جنازہ آبائی علاقے تلہ کنگ میں ادا کی گئی، اس موقع پر اہل علاقہ، ن لیگی رہنماؤں اور دیگر سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔

نماز جنازہ میں پولیس اہلکاروں کی بھی بڑی تعداد شامل تھی، مسلم لیگ (ن) کے رہنما ڈاکٹر فضل چوہدری، صوبائی وزیر عمار یاسر، ڈی پی او اور ڈی سی چکوال سمیت دیگر عہدے داران بھی موجود تھے، تمام افراد کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

مرنے والوں میں اے ایس آئی نوید اقبال، ان کی بہن اور 6 بچے شامل ہیں، نوید اقبال کی اہلیہ اور بڑا بیٹا ساتھ نہیں گئے تھے۔

دوسری جانب سانحہ مری ميں جاں بحق لاہور کے ظفر اقبال اور معروف کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے، جب کہ کری روڈ کے رہائشی شہزاد اسماعیل، اہلیہ اور چار بچوں کی بھی نماز جنازہ اسلام آباد میں ادا کردی گئی۔

مردان سے تعلق رکھنے والے چار دوستوں ميں سے دو کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے، بلال حسین کی کاٹلنگ اور سہیل کی نماز جنازہ میاں عیسیٰ میں ادا کی گئی۔

دوسری جانب مری میں پیش آنے والے دلخراش سانحہ کی ابتدائی رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو پیش کر دی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ مری میں 32 ہزار گاڑیاں پارک کرنے کی گنجائش ہے، 72 ہزار سے زائد گاڑیاں جمعرات کے روز مری میں داخل ہوئی، پارکنگ کی گنجائش ختم ہونے کے بعد سیاحوں نے گاڑیاں سڑک کنارے کھڑی کر دیں۔

واضح رہے کہ مری میں شدید برفباری اور سیاحوں کے رش کے باعث برفانی طوفان میں پھنسے 22 افراد اپنی گاڑیوں میں موت کے منہ میں چلے گئے۔ مرنے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔

درد ناک مناظر کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو انتظامیہ حرکت میں آئی، حکومت نے مری کو آفت زدہ علاقہ قرار دیا اور ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا، فوج، رینجرز سمیت تمام حکومتی ادارے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

Tabool ads will show in this div