ڈی آئی خان:تحصیل میئرکےامیدوارکا قتل،کلیدی قاتل گھرکا فردنکلا
ڈيرہ اسماعيل خان ميں تحصيل ميئر کے اميدوار عمر خطاب شيرانی کے قتل کا معمہ حل ہوگیا اور مبینہ قاتل گرفتار کر لیے گئے جبکہ کلیدی قاتل کا مرحوم سے انتہائی قریبی رشتہ نکلا۔
عوامی نیشنل پارٹی کے ٹکٹ پر تحصیل میئر کا الیکشن لڑنے والے اميدوارعمر خطاب شيرانی کو پولنگ سے ايک روز پہلے قتل کيا گيا تھا۔ عمر خطاب پر اپنے گھر کے سامنے موٹر سائیکل پر سوار دو ملزمان کی جانب سے فائرنگ کردی گئی تھی جس کے بعد حملہ آور جائے واردات سے فرار ہوگئے تھے۔
پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ تفتیش کے دوران قتل کے ڈانڈے عمر خطاب شیرانی کی تیسری بیوی سے جا کر ملے جس پر خاتون سمیت تین ملزمان کو پکڑلیا گیا۔
عمر خطاب کی وفات کے بعد ان کے تحصیل میئر کا الیکشن ملتوی کردیا گیا تھا۔ عوامی نیشنل پارٹی کے کارکنان نے ان کے قتل پر پرزور احتجاج کیا تھا اور میت کے ہمراہ ٹاؤن ہال کے سامنے دھرنا بھی دیا تھا۔