راولپنڈی:ٹریفک پولیس نےسال2021 میں20کروڑروپےکے چالان کئے

راولپنڈی سٹی ٹریفک پولیس نے سال 2021 کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر 5 لاکھ سے زائد چالان کیے جن کی مالیت 20 کروڑ روپے سے زائد تھی۔
سال 2021 کے دوران راولپنڈی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں عروج پررہیں۔ ضلع راولپنڈی میں سب سے زیادہ بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کے 39 ہزار چالان ہوئے، بغیرلائسنس گاڑیاں چلانے والوں کے 23 ہزار سے زائد چالان کاٹے گئے۔
اس کےعلاوہ سگنل توڑنے پر 23 ہزار 272 چالان،کم عمر ڈرائیونگ پر 3 ہزارجبکہ تیز رفتاری پر 4 ہزار اور بغیر فٹنس، اوور لوڈنگ، نو پارکنگ ،دوران ڈرائیونگ موبائل فون سننے، سیٹ بیلٹ نہ باندھنے اور کالے شیشوں کے استعمال سمیت مجموعی طور پر 5 لاکھ 38 ہزار چالان ہوئے۔
ان چالانز پر جرمانوں کی مد میں 20 کروڑ 20 لاکھ روپے وصول کیے گئے۔ سماء سے بات کرتے ہوئے ڈی ایس پی سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی عبدالحمید نے بتایا کہ چالان کا مقصد یہ ہوتا ہےکہ لوگ بہتر طریقے سے ڈرائیونگ کریں۔
چالان پر چالان سے شہری پریشان ہیں اور ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس کی کوشش ہوتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ پیسے اکٹھے کئے جائیں۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا تھا کہ اگر شہری ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنائیں تو نہ صرف چالان بلکہ حادثات سے بھی بچ سکتے ہیں۔