چوہدری نثار علی خان کا نیشنل ایکشن پلان پر تنقید کا بھرپور جواب
اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے بلاول کی تنقید کا بھرپور جواب دے دیا، کہتے ہیں نیشنل ایکشن پلان کسی جماعت، گروہ یا حکومتی ادارے کا نہیں، یہ قومی منصوبہ ہے جس کو پوری قوم کی حمایت حاصل ہے، این اے پی پر پوری قوم سے عملدرآمد جاری رہے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی زیر صدارت اسلام آباد میں نیشنل ایکشن پلان اور بین الاقوامی این جی اوز کی رجسٹریشن سے متعلق پیشرفت پر اہم اجلاس ہوا، جس میں نئی پالیسی کے تحت این جی اوز کو کام کرنے کی اجازت دیدی گئی۔
وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اس موقع پر کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کی بدولت امن و امان کی صورتحال میں واضح بہتری آئی، ساتھ ہی ساتھ دہشت گردی کی عفریت میں گھری قوم کا حوصلہ بھی بلند ہوا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات پر ملک بھر سے اعداد و شمار کو اکٹھا کرنے کے عمل کو مزید تیز اور منظم کیا جائے، منصوبے کے ہر نکتے کی مؤثر مانیٹرنگ کیلئے صوبائی حکومتوں سے مل کر اقدامات کئے جائیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان کسی جماعت، گروہ یا حکومتی ادارے کا نہیں بلکہ قومی منصوبہ ہے، جس کو پوری قوم کی حمایت حاصل ہے، نیشنل ایکشن پلان پر پوری قوت سے عملدرآمد جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز گڑھی خدا بخش میں بے نظیر بھٹو کی ساتویں برسی کی تقریب کے موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان دراصل ن لیگ ایکشن پلان ہے۔ سماء