اورنگی ٹاؤن میں 13سالہ لڑکی قتل، گھرسے پھندالگی لاش ملی
کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں تیرا سالہ لڑکی کو نامعلوم ملزمان نے گھر میں گھس کر قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق لڑکی کو گلے میں پھندا لگا کر قتل کیا گیا۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں لڑکی سے ریپ کے ثبوت نہیں ملے ہیں۔
کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں نشان حیدر چوک کے قریب گھر سے 13 سالہ لڑکی کی پھندا لگی لاش ملی ہے، جس پر پولیس نے تفتیش کا آغاز کیا تو پتہ چلا کہ کچھ نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر لڑکی کو قتل کیا ہے۔
تحقیقات کے مطابق مقتولہ کی والدہ کا تین ماہ قبل انتقال ہوچکا، والد کار پینٹر ہے جو اپنے کام پر جاچکے تھے، لڑکی اپنے 4 بہن بھائیوں کے ساتھ گھر پر موجود تھی۔
مقتولہ کے چھوٹے بھائیوں کے مطابق انہوں نے 2 ملزمان کو دیکھا جو بہن کا گلا دبارہے تھے۔
پاکستان بازار پولیس کے مطابق قاتل پیدل فرار ہوئے ہیں، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ علاقے کے ہی ہیں۔
لڑکی کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے عباسی شہيد اسپتال منتقل کی گئی جہاں ليڈی ايم ايل او کی عدم دستيابی کے باعث پوسٹ مارٹم 4 گھنٹے تاخير سے ہوا۔ رپورٹ میں لڑکی سے ریپ کے کوئی ثبوت نہیں ملے ہیں۔