پاکستانی نژاد امریکی وجیہہ سواتی کے اغواء کامعمہ حل ہوگیا
جائیداد کا تنازع نمٹانے کیلئے 16 اکتوبر کو وطن آنیوالی پاکستانی نژاد امریکی وجیہہ سواتی کے اغوا کا معمہ حل ہوگیا۔ سابق شوہر نے خاتون کو قتل کرکے باپ اور نوکر کی مدد سے ہنگو میں دفن کرنے کا اعتراف کرلیا، پولیس نے لاش برآمد کرلی۔
تقریباً ڈھائی ماہ قبل وجیہہ سواتی جائیداد کا خاندانی تنازع حل کرنے کیلئے امریکا سے پاکستان آئی تھیں، تاہم دو روز بعد ہی لاپتہ ہوگئی، جس کا مقدمہ مقتولہ کے بیٹے نے راولپنڈی کے تھانے میں اغواء کی ایف آئی آر درج کرائی تھی۔
پولیس نے خاتون کی تلاش کیلئے مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی اور تقریباً ڈھائی ماہ بعد معمہ حل کرلیا، تفتیش کے دوران پتہ چلا کہ وجیہہ سواتی کو اس کے سابق شوہر نے قتل کیا ہے، جو اسے ایئرپورٹ سے ہی گھر لے گیا تھا۔
سی پی او راولپنڈی ساجد کیانی کے مطابق پولیس کی حراست میں ملزم رضوان نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کرلیا اور بتایا کہ اس نے اپنے باپ اور نوکر کی مدد سے مقتولہ کی لاش ہنگو میں دفن کی ہے۔
پولیس کی ٹیم نے ملزم کی نشاندہی پر لاش برآمد کرلی، دونوں سہولت کارو کو بھی گرفتار کرلیا۔