پی ایس ایل کی لائیو اسٹریمنگ:بولی میں 175 فیصد اضافہ

سب سےزیادہ بولی دراز نے لگائی

پاکستان کے معروف ای کامرس پلیٹ فارم 'دراز' نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن 2022 اور 2023 کی لائیو اسٹریمنگ کے حقوق کے لیے سب سے زیادہ بولی لگادی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق دراز نے لیگ کی لائیو اسٹریمنگ کے حقوق کی خریداری کے لئے گزشتہ سائیکل کے مقابلے میں 175 فیصد زائد قیمت کی بولی لگائی ہے۔

اس سے قبل اے آر وائی اور پی ٹی وی کی کنسورشیم بھی پاکستان سپر لیگ کے سیزن 2022 اور 2023 کے نشریاتی حقوق کے لیے گزشتہ سائیکل کے مقابلے میں 50 فیصد زائد قیمت کی بولی لگائی تھی۔

پی سی بی کے قائمقام چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کی لائیو اسٹریمنگ کے حقوق کی بولی میں اضافے سے لیگ کی مقبولیت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے ڈیجیٹل دور میں لائیو اسٹریمنگ کھیلوں کی ترقی اور فروغ میں ایک اہم کردار ادا کررہا ہے اور انہیں یقین ہے کہ لیگ کے آئندہ دو ایڈیشنز ایکشن سے بھرپور ہوں گے جس سے شائقینِ کرکٹ کی ایک بڑی تعداد محظوظ ہوگی اور وہ اس اعتماد پر دراز کے مشکور ہیں۔

پی ایس ایل: نشریاتی حقوق کیلئے 50فیصد اضافی بولی

چیف ایگزیکٹو آفیسر دراز عمار حسن کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کے لیے لائیو اسٹریمنگ کے حقوق کے حصول کے لیے سب سے بڑی پیشکش کرنے پر فخر ہے، دراز پاکستان کا نمبر ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم بننا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ حقوق مل گئے تو پورا پاکستان دراز ایپ پر ان میچز کو مفت اسٹریم کر سکے گا اور 20 ملین سے زیادہ پروڈکٹس پر شاندار قیمتوں سے لطف اندوز بھی ہوسکے گا، پاکستان سپر لیگ پاکستان کرکٹ کا فلیگ شپ برانڈ ہے اور ہم اس کے فروغ کے لئے ہر ممکن تعاون کرنے کو تیار ہیں۔

اس سے قبل بھی پی ایس ایل کے گزشتہ سیزن میں لائیو اسٹریمنگ کے حقوق دراز نے حاصل کیے تھے۔

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کا آغاز 27 جنوری کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم سے ہوگا۔

Tabool ads will show in this div