خیبرپختونخوا: بلدیاتی انتخابات کے مزید 2 نتائج روک دیے گیے
الیکشن کمیشن نے پشاور کی تحصیل متھرا کے چیئرمین کے لیے جے یو آئی امیدوار کی کامیابی کا نوٹیفکیشن اور بنوں کی تحصیل ککی میں چیئرمین کے انتخاب کا نتیجہ روک دیا۔
متھرا سے ابتدائی نتائج کے مطابق جے یو آئی کے فریداللہ کامیاب قرار پائے تھے جن کی کامیابی جماعت اسلامی کے افتخار احمد نےچیلنج کی تھی۔ درخواست گزار نے مؤقف اپنایا تھا کہ الیکشن کے روز شدید بدنظمی ہوئی۔ الیکشن کمیشن نے ڈی آر او اور ریٹرننگ افسر کو نوٹس جاری کرکے ریکارڈ سمیت 29 دسمبر کو طلب کر لیا۔
دوسری جانب بنوں کی تحصیل ککی کے کیس میں درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ جعلی بیلٹ پیپرز استعمال ہونے کا 3 پریذائڈنگ افسران نے لکھ کر دیا۔ بعض بیلٹ پیپرز پر مہریں بھی جعلی لگی ہوئی تھیں۔
ککی میں چیئرمین کی نشست پر پی ٹی آئی کے جنید رشید کامیاب ہوئے تھے۔ الیکشن کمیشن نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ریکارڈ طلب کرلیا۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے 17 اضلاع میں پہلے مرحلے میں بلدیاتی انتخابات 19 دسمبر کو ہوئے تھے جبکہ دوسرا مرحلہ آئندہ سال جنوری کو ہوگا۔