بھارت:نوزائیدہ بچی کوجانور نےکیسے بچایا،عجیب کرشمہ 

چھتیس گڑھ میں حیوان کی ممتا سب کوحیران کرگئی 
Dec 23, 2021

 

[video width="640" height="360" mp4="https://i.samaa.tv/wp-content/uploads/sites/11//usr/nfs/sestore3/samaa/vodstore/urdu-digital-library/2020/12/MZ-DOG-PROTECT-CHILD-INDIA-PKG-MOIZ-23-12.mp4"][/video]

بھارتی رياست چھتيس گڑھ ميں ایک ایسا عجیب و غریب واقعہ رونما ہوا جسے جان کر سب ہی دنگ رہ گئے کہ قدرت اگر کسی انسان کی جان بچانا چاہے تو وہ اس کی حفاظت کسی خطرناک جانوروں سے بھی کروا لیتی ہے۔ 

چھتيس گڑھ کےگاؤں سریستال کے کھیتوں میں بے لباس بے یار و مددگار پڑی ایک نومولود بچی کو ٹھٹھر کر مرنے یا کسی اور جانور یا کیڑے مکوڑوں کا نشانہ بن جانے سے جس طرح ایک کتیا نے بچایا وہ انتہائی حیران کن ہے۔ 

یہ تو معلوم نہیں ہوسکا کہ ایسی کون سی مجبوری تھی جس کے تحت نومولود کو اس کی ماں نے خود سے الگ کیا اور کون شخص یوں اسے یخ بستہ رات کو ویرانے میں چھوڑ گیا لیکن یہ کرشمہ ضرور دیکھا گیا کہ ایسے میں ایک اور ماں اپنا فرض سمجھ کر ممتا نبھا گئی۔ جہاں انسان اپنی انسانیت دکھانے سے قاصر رہے وہیں ایک جانور آگے بڑھا اور اس نے بچی کو نہ صرف دوسرے جانوروں سے بچایا بلکہ اس نے اور اس کے ننھے بچوں نے بچی کے گرد گھیرا ڈال کر اپنے جسموں کی حرارت سے اسے ٹھٹھر کر مرنے سے بھی بچایا۔ 

دسمبر کی خون منجمد سا کردینے والی اس رات اس بے لباس بچی کی جان جاسکتی تھی ليکن ايک کتيا اور اس کے نوزائیدہ بچے رات بھر بچی کے گرد پہرا اور اپنی پیار بھری آغوش کی حرارت بھی اسے ديتے رہے، گویا وہ سب کچھ جانتے ہوں کہ بچی سے علیحدہ ہوئے تو وہ چند گھنٹوں میں ہی جان کی بازی ہار جائے گی۔ 

مقامی لوگوں نے میڈیا کو بتایا کہ دن کے تقریباً 11 بجے انہیں وہاں سے گزرتے ہوئے کھيتوں کی جانب سے بچی کے رونے کی آواز آئی جس پر وہ اس کے پاس پہنچ گئے اور وہاں قدرت کا وہ عجيب معجزہ ديکھا۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت بچی اس کتیا اور اس کے نوزائیدہ بچوں کے محفوظ حصار میں تھی۔ بچی کو پھر فوراً اسپتال منتقل کرتے ہوئے پولیس کو اطلاع بھی کردی گئی۔ 

ڈاکٹروں کے مطابق بچی بالکل صحت مند ہے اور لگتا يہی ہے کہ کتیا اور اس کے بچوں نے نومولود کو رات بھر اسے گرمائش فراہم کی جس سے بچی ٹھٹھر کر مرنے سے محفوظ رہی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے بچی کے والدین کی تلاش کا آغاز کردیا ہے۔ 

Tabool ads will show in this div