کالاش قبیلےکاسرمائی تہوار تمام رعنائیوں کے ساتھ اختتام پذیر

ہزاروں سیاحوں نے شرکت کی

کالاش قبیلے کی سرمائی تہوار 'چیٹرمس' اپنی رعنائیوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا، ایونٹ میں ملکی اورغیرملکی سیاحوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

قدیم تہذیب کے حامل کالاش قبیلے کا سرمائی فیسٹول چیٹرمس 2 ہفتے جاری رہنے کے بعد 22 دسمبر کو وادی بمبوریت میں اختتام پذیر ہوا۔

بمبوریت وادی میں اختتامی تقریب برون گاؤں میں واقع رقص گاہ (جسٹ خان) میں منعقد ہوئی جس میں بڑی تعداد میں تماشائی،سیاح اورچترال کے دوسرے حصوں سے آنے والے لوگ شریک تھے۔

تقریب میں کالاش کے مرد وخواتین،بچے اور بچیاں نت نئی روایتی کپڑوں میں ملبوس تھے، مرکزی تقریب ظہر کے بعد شروع ہوئی لیکن کالاش خواتین اور بچے صبح سے ہی برون کے جسٹخان میں ناچ گانا شروع کردیا تھا۔

مختلف گاؤں سے نوجوان لڑکے اورلڑکیاں ٹولیوں کی صورت میں مخصوص گانا گاتے ہوئے جسٹخان میں داخل ہوتے رہے۔

غیر مقامی سیاحوں نے اس فیسٹول کونہایت دلچسپ اور کالاش وادیوں کی رعنائی اور خوبصورتی کی تعریف کی۔

Tabool ads will show in this div