اسلام آباد تہران استنبول فریٹ سروس کا آغاز ہوگیا
پاکستان کی معاشی سفارتکاری کی جانب بڑی پیشرفت ہوئی ہے۔ اسلام آباد تہران استنبول فریٹ سروس کا آغاز ہوگيا، پہلی ٹرین 23 ٹن تجارتی سامان لے کر روانہ ہوگئی۔
اسلام آباد سے تین ملکوں کیلئے فریٹ سروس کا آغاز کردیا گیا، مارگلہ ریلوے اسٹیشن سے استنبول براستہ تہران آئی ٹی آئی فریٹ ٹرین نے اپنا سفر شروع کردیا، مال گاڑی ہر منگل کو روانہ ہوا کرے گی۔
وزیر خارجہ نے ایرانی اور ترک سفراء کے ہمراہ اسلام آباد تہران استنبول مال بردار گاڑی کا افتتاح کیا۔ شاہ محمود قریشی نے اگلے مرحلے میں پاک ایران ترک مسافر ٹرین شروع کرنے کا اعلان بھی کردیا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمارا وژن سینٹرل ایشیا تک کنیکٹیوٹی کا ہے جو فروغ پائے گا، اس وقت ہماری انٹرا ریجن ٹریڈ 8 فیصد ہے، اس میں بے پناہ اضافے کی گنجائش ہے، ایسے منصوبے اسے حقیقت کا رنگ دیں گے۔
مشیر تجارت رزاق داؤد نے بذریعہ سڑک مہنگی تجارت پر انحصار کم ہونے کا بتاتے ہوئے بڑی اُمید بھی بندھا دی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مال ترکی پہنچنے سے ایک ارب ڈالر کی تجارت آسان ہوگی۔
وزیر ریلوے اعظم خان سواتی کا تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ آئی ٹی آئی (اسلام آباد تہران استنبول) سروس کا سیکیورٹی روٹ کلیئر ہے، ٹریک اپ گریڈ ہونے پر فاصلہ بھی آدھا رہ جائے گا۔