متحدہ عرب امارات میں سینما سینسرشپ ختم کرنے کا اعلان

متحدہ عرب امارات کے میڈیا ریگولیٹری دفتر نے سینما گھروں میں نئی بین الاقوامی فلمیں بغیر کسی سینسرشپ کے ریلیز کرنے کا اعلان کردیا۔
عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق اس فیصلے کا مطلب ہے کہ بین الاقوامی فلموں کا کچھ مواد سینسر شپ کی نذر ہو جاتا تھا لیکن اب ایسا نہیں ہو گا۔
یو اے ای کے میڈیا ریگولیٹری آفس نے وضاحت کی ہے کہ قبل ازیں 18 سال سے کم عمر افراد کے لیے جو فلمیں نہیں تھیں اب اس میں عمر کی حد کا اضافہ کر کے عمر کی نئی حد بندی21 سال یا اس سے زائد متعارف کرائی گئی ہے۔
امارات کے میڈیا ریگولیٹری آفس نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ عمر کی نئی درجہ بندی کے مطابق اب فلموں کو ان کے بین الاقوامی ورژن کے مطابق سینما گھروں میں دکھایا جائے گا۔
The Media Regulatory Office announced the inscribed of the 21+ for the age classification categories for cinema films. pic.twitter.com/NO5WxZveZy
— مكتب تنظيم الإعلام (@uaemro) December 19, 2021
ٹویٹ میں مزید کہا گیا کہ عمر کی یہ درجہ بندی ملک میں فلموں کے مواد کے معیار کی بنیاد پر دی گئی ہے۔
ساتھ ہی میڈیا ریگولیٹری آفس نے سینما میں داخلے کے لیے شائقین کی عمر کی حد بندی کی اہمیت پرخصوصی طور پر زور دیا ہے۔
اس حوالے سے جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ سینما گھروں کو فلم بینوں کے لیے عمر کی اس نئی درجہ بندی پر سختی سے عمل کرنا چاہیے، جس کے لیے سینما میں آنے والوں کی عمر کے ثبوت اور شناختی دستاویزات کی جانچ کرنے کی ضرورت ہوگی۔