پاکستان کو موجودہ حکمرانوں سے بہتر چلاسکتے ہیں، مولانافضل الرحمان
مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ وقت نے ثابت کردیا کہ گزشتہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی تھی، جے یو آئی ف پہلے بھی بڑی جماعت بھی آج بھی ہے، پاکستان کو موجودہ حکمرانوں سے بہتر چلاسکتے ہیں۔
خيبرپختونخوا بلدیاتی اليکشن میں کامیابی کے بعد جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا ردعمل بھی آگیا۔ میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ تحصیل اور یو سی کی سطح پر جے يو آئی خيبرپختونخوا کی بڑی سياسی قوت بن کر سامنے آئی ہے، وقت نے ثابت کيا کہ 2018ء کے انتخابات ميں دھاندلی ہوئی، جے یو آئی پہلے بھی خیبرپختونخوا کی سب سے بڑی سیاسی جماعت تھی، اب بھی بڑی سیاسی قوت ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ناديدہ قوتيں ہمارے راستے کی رکاوٹ بنتی ہيں، ہمارے حليے کو ديکھ کر کہا جاتا ہے يہ لوگ اوپر آگئے تو مغرب کيا سوچے گا، جب مغربی دنیا نے افغانستان کے طالبان کے ساتھ صلح کرلی تو ہم کیوں ان کیلئے ناقابل قبول ہوں گے، اس قسم کی سوچ ختم ہوجانی چاہئے۔
مزید جانیے: خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کو اپنے گڑھ میں شکست
فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ اب راستے کھول دو، ہميں آگے بڑھنے دو، ہم پاکستان کو موجودہ حکمرانوں سے بہتر چلائیں گے، ہمیں پاکستان چلانا آتا ہے۔
واضح رہے کہ جمعیت علمائے اسلام نے خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات میں میئر اور تحصیل چیئرمینوں کی 12 نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی، پاکستان تحریک انصاف 10 سیٹیں جیتی ہے۔
دوسری جانب مریم اورنگزیب نے بھی خیبرپختونخوا کے 17 اضلاع میں ہونیوالے بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کی شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تبدیلی آنہیں رہی، تبدیلی جارہی ہے۔
تبدیلی آ نہیں رہی، تبدیلی جا رہی ہے! وہ بھی رسوائی، بدنامی اور کڑوڑوں بددعائیں سمیٹ کر ! ۲۲ کڑوڑ کے ملک کو مہنگائی، لاقانونیت، نالائقی اور نااہلی کی دلدل میں دھکیل کر۔ ہر شعبہ میں بدترین اور تاریخی ناکامی کے انمٹ داغ اپنے ماتھے پر سجا کر وہ جا رہی ہے تبدیلی!
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) December 20, 2021
ٹویٹر پر پیغام ميں لکھا کہ تبديلي جارہی ہے، رسوائی، بدنامی اور کروڑوں بددعائیں سمیٹ کر عوام کو مہنگائی، لاقانونيت، نالائقی اور نااہلی کی دلدل ميں دھکيل کر۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر شعبے میں تاریخی ناکامی کے انمٹ داغ اپنے ماتھے پر سجا کر وہ جا رہی ہے تبدیلی۔