نوشہرہ:تحصیل کونسل کی نشست پر 2 چچیرے بھائی آمنےسامنے
نوشہرہ میں بلدیاتی انتخابات میں تحصیل کونسل کی نشست پر وزیردفاع پرویز خٹک اور ان کے بھائی سابق صوبائی وزیر لیاقت خٹک کے بیٹے ایک دوسرے کے خلاف مقابلہ کر رہے ہیں۔
انیس دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں نوشہرہ کی نشست پر پرویز خٹک کے صاحبزادے اسحاق خٹک کے کو اپنے ہی چچازاد احد خٹک کا سامنا ہے۔
دونوں چچیرے بھائی جہاں ایک طرف دوسرے کو ہرانے کے لیے اپنی اپنی پارٹیوں کے پلییٹ فارم سے جلسے کررہے ہیں وہیں ان کے والدین بھی اپنے بیٹوں کے لیے الیکشن مہم بھرپور انداز میں چلا رہے ہیں۔ اسحاق خٹک تحریک انصاف کے ٹکٹ پر جبکہ احد خٹک پی پی پی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔
رکن خیبرپختونخوا اسمبلی لیاقت خٹک کے بیٹے احد خٹک کو پاکستان مسلم لیگ ن کی بھی حمایت حاصل ہے۔ سیاسی تجزیہ کار اس مقابلے کو پرویز خٹک کے سیاسی مستقبل کے لیے اہم قرار دے رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 17 اضلاع میں پولنگ 19 دسمبر کو ہوگی جبکہ باقی 18 اضلاع میں اگلے سال 16 جنوری کو ہوگی۔
بلدیاتی انتخابات میں 66 تحصیل اور میئر نشستوں اور تقریباً 2 ہزار سے زائد ولیج کونسلز کے لیے مجموعی طور پر 37 ہزار سے زیادہ امیدوار میدان میں ہیں۔