صنم چوہدری نے شوبز چھوڑنے کی وجہ بتادی

اداکارہ نے اگست میں شوبز سے کنارہ کشی اختیار کی تھی

اگست 2021 میں شوبز سے کنارہ کشی کرنے والی اداکارہ صنم چوہدری نے 5 ماہ بعد اپنے فیصلے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے سکون اور اچھا انسان بننے کی خاطر ایسا کیا۔

صنم چوہدری نے حال ہی میں انسٹاگرام پر خصوصی لائیو سیشن کے دوران شوبز چھوڑنے کے فیصلے سے متعلق مداحوں کو بتایا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں نے اداکاری میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے دِن رات محنت کی اور کامیاب بھی ہوئی، مجھے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ بھی مِلا، زندگی بالکل سیٹ تھی اور بہت مزہ آرہا تھا، شادی ہوگئی، اولاد بھی ہوئی لیکن سکون نہیں تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرے پاس سب کچھ تھا لیکن پھر بھی مجھے کچھ کمی لگتی تھی، بعد میں  مجھے احساس ہوا کہ میرے پاس سکون نہیں تھا، ہر طرف ایک دوڑ لگی ہوئی تھی سمجھ نہیں آتا تھا کہ اس  دوڑ کا اختتام کیا ہوگا۔

صنم چوہدری نے کہا کہ ایک بات جو میرے دل سے نکل رہی ہے وہ یہ تھی کہ اصل میں مجھے معلوم نہ تھا کہ مرنا بھی ہے، یہ وہ وقت تھا جب مجھے احساس ہوا کہ کہیں میں بطور اداکارہ دنیا کو خوش کرنے کے لیے اپنے رب کو ناراض تو نہیں کر رہی۔

انہوں  نے مزید کہا کہ اس دوران مجھے محسوس ہوا کہ شاید کام نہ کرنے کی وجہ سے ایسا ہے تو پھر میں نے بیٹے کی پیدائش کے بعد اپنا وزن کم کیا اور تمام پروڈکشن ہاؤسز سے رابطے کیے اور انہیں وقت بھی دے دیا کہ اس ماہ میں کام کا آغاز کروں گی مگر ایک دن میں نے خود سے سوال کیا تو احساس ہوا کہ آخر زندگی میں مجھے چاہیے کیا؟ سب کچھ ہونے کے باوجود مزید کس چیز کی خواہش ہے؟

سابقہ اداکارہ نے بات کوجاری رکھتے ہوئے کہا کہ پھر میں نے اپنی تمام تر توجہ قرآن پاک کی طرف مرکوز کی، اسے پڑھنا شروع کیا اور تفسیر پڑھی جس نے میری زندگی بدل دی۔

طویل انسٹاگرام سیشن کے دوران صنم چوہدری نے اپنے ٹرینر نجم شہزاد سے بھی گفتگو کی اور دین اسلام پر چلنے کے لیے رہنمائی کرنے پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

واضح ہے کہ صنم چوہدری نے رواں برس اگست میں انسٹاگرام سے اپنی تمام تصاویر ڈیلیٹ کردی تھیں اور بعدازاں قرآنی آیات شیئر کرتے ہوئے  شوبز چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

اس سے قبل انہوں نے  نومبر 2019 میں اپنے دیرینہ دوست اور موسیقار سومی چوہان سے شادی کی تھی اور گزشتہ برس اکتوبر میں ان کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔

صنم چوہدری نے سال 2013 میں ڈرامہ سیریل ’عشق ہماری گلیوں‘ سے ٹی وی اسکرین پر ڈیبیو کیا تھا۔انہوں نے ’گھر تتلی کا پر‘، ’بھول‘، ’آسمانوں پر لکھا‘، ’میرے مہرباں‘، ’اب دیکھ خدا کیا کرتا ہے‘ سمیت 3 درجن ڈراموں میں اداکاری کی۔ ان کا آخری ڈرامہ ’میر آبرو‘ تھا جو سال 2019 میں نشر ہوا تھا۔

سابقہ اداکارہ نے 2 فلموں میں بھی اداکاری کی اور ڈرامہ سیریلز میں اداکاری پر ایوارڈز بھی جیت چکی ہیں۔