صبا قمر،احسن خان اور میکال کا ڈرامہ فراڈ

معروف اداکارہ صبا قمر، احسن خان اور میکال ذوالفقار ڈرامہ سیریل ’فراڈ‘ میں ٹی وی اسکرین پر ساتھ نظر آنے کے لیے تیار ہیں۔
اس ڈرامے کی کہانی زنجیبل عاصم شاہ نے تحریر کی ہے اور اسے آئی ڈریم انٹرٹینمنٹ کی جانب سے پروڈیوس کیا جائے گا۔
صبا قمر نے انسٹاگرام پر ڈرامے کی اسکرپٹ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنے نئے پروجیکٹ کا اعلان کیا۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ ان کا اگلا ڈرامہ ’ فراڈ ‘ ہے۔انہوں نے کہا کلہ میرا ماننا ہے کہ میں آڈینس کے سامنے کچھ ایسا پیش کرنے کا شوق رکھتی ہوں جو انہوں نے پہلے نہ دیکھا ہو اور فراڈ بالکل ویسا ہی ہے۔
صبا قمر نے اپنی پوسٹ میں مزید کہا کہ میں ڈرامے میں اپنے کردار سے محبت میں مبتلا ہوں۔
ڈرامے کی کہانی یا اپنے کردار سے متعلق تفصیلات ظاہر کیے بغیر میکال نے بھی انسٹاگرام پر اپنے نئے ڈرامے کا اعلان کیا۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ صرف وقت بتائے گا کہ وہ دوسروں کو دھوکا دے گا یا لوگ اسے دھوکا دیں گے۔
اب یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ اس ڈرامے میں کون سا کردار ’فراڈ‘ کرتا ہے۔
اس ڈرامے کے ذریعے احسن خان اور صبا قمر طویل عرصے بعد اسکرین پر ساتھ نظر آئیں گے۔انہوں نے آخری مرتبہ زی فائیو کی فم ’مومل رانو‘ میں کام کیا تھا۔
علاوہ ازیں صبا قمر، احسن خان اور میکال ذوالفقار اس سے قبل 2011 میں ڈراما سیریل ’پانی جیسا پیار‘ میں بھی ایک ساتھ کام کرچکے ہیں۔
ثاقب خان کی ہدایات میں بنائے جانے والے اس ڈرامے کو نجی ٹی وی چینل اے آر وائے ڈیجیٹل پر نشر کیا جائے گا، جس کی حتمی تاریخ تاحال سامنے نہیں آئی۔