جانوروں کوبھی جلانےسےمنع کیاگیا ہے،جسٹس قاضی
سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہے کہ جج کو صرف خدا کا خوف ہو تو تب ہی انصاف ہوگا، خود مختار عدلیہ ہی شہریوں کے حقوق کی ضامن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی بار ایسوسی ایشن کے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عشائیہ سے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ احمد علی شیخ، سینئر وکیل رہنما علی احمد کرد، کراچی بار کے صدر نعیم قریشی و دیگر نے خطاب کیا۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ تقریب سے خطاب کرتے مزید کہا کہ میرے حساب سے ہر جج کو بہادر نہیں ڈر پوک ہونا چاہیے، میں کہوں گا میں سب سے بڑا ڈرپوک ہوں۔ بہادر تو وہ ہوتا ہے جو اوپر والے سے نہیں ڈرتا، بہادر تو وہ ہوتا ہے جو آئین پر عملدرآمد نہیں کرتا۔ میرے حساب سے جج کو ڈرپوک ہونا چاہیے، اور جب وہ ڈرے اس کے دل میں صرف اور صرف اوپر والے کا ڈر ہو۔ ایک موقع پر ان کا کہنا تھا کہ انسان تو کیا جانوروں تک کو بھی جلانے سے منع کیا گیا۔