گوادر میں حق دو ریلی میں ہزاروں افراد کی شرکت
انسانی حقوق کے عالمی دن پر گوادر میں ريلی نکالی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
مظاہرین کی قیادت جماعت اسلامی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری اور ’’گوادر کو حق دو تحریک‘‘ کے رہنما مولانا ہدایت الرحمان کر رہے تھے۔ یہ تحریک 27ویں روز میں داخل ہوچکی ہے۔
جمعہ کو، مظاہرین نے سیرت النبی چوک سے مارچ شروع کیا، شرکاء نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس پر صوبائی حکومت کے خلاف نعرے لکھے گئے تھے۔ مارچ میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمن کا کہنا تھا کہ حق دو گوادر تحریک بلوچستان کے پسے ہوئے طبقات، مزدوروں اور ماہی گیروں کی تحریک ہے۔
انہوں نے کہا کہ يہ ریلی صوبائی حکومت کی ماہی گیر اور مزدور کش پالیسیوں کے خلاف ریفرنڈم ہے۔
مظاہرین کے مطابق کراچی اور سندھ سے زیادہ لوگ شرکت کرنا چاہتے تھے لیکن وہ اس لیے نہیں آ سکے کیونکہ پولیس نے کوسٹل ہائی ویز کو بند کر دیا اور بسوں اور کوچوں کو گوادر جانے سے روک دیا۔