بلاول سمیت پیپلزپارٹی کے رہنماؤں پر 50، 50ہزار روپے جرمانہ
خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات سے پہلے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر الیکشن کمیشن نے ایکشن لے لیا، چئیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت پیپلزپارٹی کے 6 رہنماؤں کو 50، 50 ہزار روپے جرمانہ کردیا۔ پی ٹی آئی کے صوبائی وزیر، 2 اپم پی ایز اور ایک ایم این اے کو بھی جرمانہ کیا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر پشاور نے خیبرپختونخوا میں 19 دسمبر کو ہونیوالے بلدیاتی انتخابات کی مہم کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، رکن قومی اسمبلی خورشید شاہ، رکن قومی اسمبلی قادر پٹیل، صوبائی وزیر سعید غنی اور نثار کھوڑو پر 50، 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا۔
الیکشن کمیشن نے پیپلزپارٹی کی خاتون رہنماء نگہت اورکزئی کو وارننگ بھی دی ہے۔
بلدیاتی الیکشن کی انتخابی مہم میں حصہ لینے پر صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شاہ محمد اور رکن قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی پر بھی 50، 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر بنوں نے کے پی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اکرم درانی کو ہفتے کی صبح 11 بجے طلب کرلیا۔
ڈی ایم او بنوں نے ارکان صوبائی اسمبلی ملک شیراعظم وزیر اور ملک پختون یار خان پر بھی 50، 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا، تمام رہنماؤں کو ضابطہ اخلاق کی مزید خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا انتباہ بھی کردیا گیا ہے۔
اس سے قبل گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور پر بھی 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا تھا۔