پاکستان میں سونے کی قیمت کا تعین کون کرتا ہے؟

گاہکوں کو عالمی مارکیٹ کے نرخوں پر بھی نظر رکھنی چاہئے

کراچی میٹھادر صرافہ مارکیٹ سے تعلق رکھنے والے جیولر رہنماء اور بابائے گولڈ کے طور پر شہرت رکھنے والے حاجی ہارون چاند گزشتہ کئی دہائیوں سے سونے کے نرخوں کا اعلان کرتے آرہے ہیں اور انہی کے جاری کردہ نرخ میڈیا عوام تک پہنچاتے ہیں، جس پر ناصرف کراچی بلکہ ملک بھر میں سونے اور زیورات کی خرید وفروخت ہوتی ہے۔

کیا کراچی گولڈ گروپ کے پلیٹ فارم سے سونے کے نرخ جاری کرنے والے حاجی ہارون چاند ہی قیمت کا بھی تعین کرتے ہیں؟، حاجی ہارون چاند کا اس سوال کے جواب میں کہنا ہے کہ سونے کے روزانہ بنیادوں پر ریٹ کا تعین مقامی بلین مارکیٹ میں ہوتا ہے، وہ مارکیٹ کے نرخ کا صرف اعلان کرتے ہیں۔

بلین مارکیٹ کیا ہے اور کیسے کام کرتی ہے؟

کراچی میں سونے کی سب سے بڑی مارکیٹ اولڈ سٹی ایریا کی میٹھادر صرافہ مارکیٹ ہے، جس میں سونے اور زیورات کی دکانوں کے ساتھ زیورات بنانے کے کارخانے بڑی تعداد میں کام کررہے ہیں، ایک بات جو دیگر صرافہ مارکیٹوں سے یہاں مختلف ہے وہ یہاں بلین مارکیٹ کا ہونا ہے۔

بلین مارکیٹ پاکستان بننے سے پہلے سے یہاں موجود ہے، جس میں 50 کے قریب بڑے سنار ممبران ہیں جو سونے کی خرید وفروخت بولیوں کی بنیاد پر کرتے ہیں، جس طرح کسی زمانے میں اسٹاک مارکیٹ میں زبانی بولیاں دی جاتی تھیں یا جس طرح سبزی منڈی اور مچھلی بازار میں اب بھی آکشن ہوتا ہے، آکشن کے مطابق جو بھی قیمت سامنے آتی ہے اس کا اطلاق مارکیٹوں میں ہوتا ہے۔

کراچی کے بلین مارکیٹ کو پاکستان بھر کے صراف فالو کرتے ہیں؟

  بلین مارکیٹ کے ریٹس کو ناصرف کراچی بلکہ لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ سمیت دیگر شہروں میں بھی جیولرز فالو کرتے ہیں تاہم گزشتہ چند ماہ سے جیولرز میں اختلافات کی اطلاعات ہیں اور جیولرز کی ایک بڑی تعداد کراچی بلین کے قیمتوں کے حوالے سے کردار کو بعض جیولرز کی اجارہ داری قرار دے رہے ہیں اور اس کے خلاف آواز بھی اٹھارہے ہیں۔

مقامی بلین مارکیٹ پر دیگر عالمی گولڈ مارکیٹوں کا تعلق

انٹرنیشنل گولڈ مارکیٹ میں 24 گھنٹے ٹریڈنگ ہوتی ہے اور ہر وقت قیمتوں میں اُتار چڑھاؤ کا سلسلہ بھی جاری رہتا ہے، بڑی گولڈ مارکیٹوں میں لندن، نیو یارک، ٹوکیو اور زیورخ گولڈ مارکیٹ شامل ہیں۔ عالمی مارکیٹ میں لندن بلین کے اثرات پاکستان سمیت دنیا بھر کی گولڈ مارکیٹوں پر مرتب ہوتے ہیں لیکن پاکستان کی بلین مارکیٹ پر دبئی کے اثرات زیادہ ہیں، جس کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ پاکستان کے بڑے جیولرز دبئی میں بھی کاروبارکرتے ہیں۔ تاہم دبئی کی قیمتوں کو بھی پوری طرح نہیں لیا جاتا بلکہ کچھ فرق بھی ہوتا ہے۔

 کیا بلین مارکیٹ کے ریٹس کا مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فوری اطلاق ہوتا ہے؟

مقامی بلین مارکیٹ میں تو لندن، نیورہارک اور دبئی گولڈ مارکیٹوں کے اثرات تو فوری طور پر آتے ہیں لیکن بلین مارکیٹ کے ریٹس کے اعلان کے اگلے روز صرافہ مارکیٹوں میں اطلاق ہوتا ہے یعنی انٹرنیشنل اور مقامی بلین مارکیٹس کے ریٹس کا اطلاق اس روز کے بجائے اگلے روز ہوتا ہے۔ سونے کی قیمت کے اعلان اور اطلاق میں تقریباً 24 گھنٹے فرق کی وجہ سے کئی بار ایسا بھی ہوتا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں سونا سستا ہونے کے باجود خریدار کو علم نہیں ہوتا اور وہ مہنگے نرخ کے مطابق خریداری کرلیتے ہیں اس لئے شہریوں کو عالمی مارکیٹ کے ریٹس پر بھی نظر رکھنی چاہئے۔

Gold rates

Tabool ads will show in this div