حدیقہ کیانی،اسما نبیل کے لکھےآخری ڈرامے میں اداکاری کریں گی

یہ حدیقہ کیانی کا تیسرا ڈرامہ ہوگا

اداکارہ و گلوکارہ حدیقہ کیانی، ڈرامہ نگار اسما نبیل کے لکھے گئے آخری ڈرامے ’پنجرہ‘ میں اداکاری کریں گی۔

یہ حدیقہ کیانی کا تیسرا ڈرامہ ہوگا، انہوں نے گزشتہ برس شروع ہونے والے ڈرامے ’رقیب سے‘ کے ذریعے اداکاری کے میدان میں قدم رکھا تھا اور ان دنوں وہ ڈرامہ سیریل دوبارہ میں اداکاری کررہی ہیں جس کی کہانی کو بہت زیادہ پسند کیا جارہا ہے۔

ڈرامے کی پروڈیوسر شازیہ وجاہت نے انسٹاگرام اسٹوریز میں اسما نبیل کے آخری ڈرامے میں حدیقہ کیانی کی اداکاری سے متعلق بتایا۔

اس ڈرامے کی ہدایات نجف بلگرامی دیں گے جبکہ اس کی اسکرپٹ اسما نبیل نے لکھی ہے جو رواں برس کینسر کے عارضے میں مبتلا رہنے کے بعد انتقال کرگئی تھیں۔

یہ ڈرامہ شازیہ وجاہت اور وجاہت رؤف کی جانب سے پروڈیوس کیا جارہا ہے اور نجی چینل اے آر وائے ڈیجیٹل پر نشر ہوگا۔

شازیہ وجاہت نے یہ انکشاف بھی کیا کہ اس ڈرامے میں عاشر وجاہت بھی اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے تاہم عمیر رانا کی شمولیت سے متعلق قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔

اس سے قبل ستمبر میں پروڈیوسر شازیہ وجاہت نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں تصدیق کی تھی کہ ان کے پروڈکشن ہاؤس نے اسما نبیل کے لکھے گئے آخری ڈرامے پر کام کا آغاز کردیا۔ انہوں نے کہا تھا کہ یہ ڈرامہ ان سب کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

خیال رہے کہ اسما نبیل میں  2013 میں بریسٹ کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ صحتیاب بھی ہوگئی تھیں لیکن انہیں دوبارہ یہ مرض لاحق ہوگیا تھا جس کے باعث وہ 2018 کے بعد دوبارہ زیر علاج رہیں۔ بیماری کے دوران نبیل نے کینسر کی آگاہی کے حوالے سے کئی تشہیری مہمات میں حصہ لیا جبکہ 2019 میں انہوں نے فیشن ڈیزائنر علی ذیشان کے ساتھ بھی ایک تشہیری مہم کی تھی۔

ان کے مقبول ڈراموں میں ’خانی‘، ’خدا میرا بھی ہے‘، ’دل کیا کرے‘، ’باندی‘، ’دمسہ‘ اور ’سرخ چاندنی‘ سمیت دیگر شامل ہیں۔

انٹرٹینمنٹ

تبولا

Tabool ads will show in this div

تبولا

Tabool ads will show in this div