ضمنی الیکشن میں ووٹوں کی خریدوفروخت، ویڈیوز کافارنزک کرانیکا فیصلہ
لاہور میں این اے 133 میں ووٹوں کی خریدو فروخت کی مبینہ ویڈیوز پر الیکشن کمیشن نے کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
الیکشن کمیشن ووٹوں کی خریدو فروخت کی مبینہ ویڈیوز کےحقائق جاننے کیلئے خود بھی میدان میں آگیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے ویڈیوز کا خود بھی فارنزک کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے فارنزک سائنس لیبارٹری کو فیس ادا کردی ہے۔ فارنزک رپورٹ آنے کے بعد آئندہ لائحہ عمل کا فیصلہ ہوگا۔اس سے قبل آر او نے کمشنر لاہورکوویڈیوزکا فرانزک کرانے کی ہدایت کی تھی۔
ضمنی انتخاب ميں ووٹ خریداری کے الزام پر پچھلے ہفتے ریٹرننگ آفیسر نے اسلم گڑا اور میاں طارق کو نوٹس جاری کئے تھے جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار اسلم گل کو 20 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے کے احکامات جاری کيے تھے۔
لاہور ضمنی الیکشن: ن لیگ نے میدان مارلیا
ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ کے امیدوار شائستہ پرویز ملک اور پیپلزپارٹی کے امیدوار اسلم گل کے درمیان مقابلہ تھا جبکہ جمشيد اقبال چيمہ کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کی وجہ سے پی ٹی آئی دوڑ سے باہر ہوگئی تھی۔
حلقے میں صبح 8 بجےسے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے پولنگ جاری رہی جہاں ہزاروں افراد نے حق رائے دہی استعمال کیا۔این اے 133 کے ضمنی الیکشن کے ٹوٹل 254 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم ن کی امیدوار شائستہ پرویز ملک 46 ہزار 811 ووٹ لے کر پہلے جبکہ پیپلزپارٹی کے امیدوار اسلم گل 32 ہزار 313 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
مسلم لیگ ن کی شائستہ پرویز ملک اور پیپلز پارٹی کے چوہدری اسلم گِل سمیت 11امیدوار اس حلقے میں امیدوار تھے۔این اے 133 لاہور کی نشست مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔