جویہاں مرنانہیں چاہتاوہ اس دھرتی کیخلاف ہے، آصف زرداری

نوازشریف نے پنجاب میں پی پی کیخلاف حلقہ بندیاں کرائیں
Dec 06, 2021

سابق صدر آصف علی زرداری کہتے ہیں کہ نواز شریف نے پنجاب میں ایسی حلقہ بندیاں کیں جو پی پی کیخلاف تھیں، جو اس دھرتی پر مرنا نہیں چاہتا وہ اس دھرتی کیخلاف ہے، ہم اس دھرتی کے ہیں اور یہیں مریں گے۔

سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے رہنماء آصف علی زرداری نے لاہور میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں پیپلزپارٹی کیلئے الیکشن مشکل نہیں ہے، میرا ہدف 50ہزار ووٹ لینا تھا اور وہ میں لے سکتا تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ دنیا پاکستان کو توڑنا چاہتی ہے، ہم نے بچانے کا عہد کیا ہے، پیپلزپارٹی کے مشکل وقت میں جیل کاٹی ہے، پیپلزپارٹی نے جمہوریت کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں، ہم پاکستان کو بچائیں گے اور آگے لے کرجائیں گے۔

آصف زرداری نے مزید کہا کہ میرے دماغ میں ایسی سوچیں ہیں، ملک کو کامیاب بناسکتے ہیں، ایسی سوچیں ہیں جو آنیوالے وقت میں پاکستان کو کامیاب کریں گی۔

مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم پاکستان نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے سابق صدر کا کہنا ہے کہ پنجاب میں ایسی حلقہ بندیاں کی گئیں جو پی پی کے خلاف ہیں، نواز شريف نے پورے پنجاب ميں اپنی مرضی کے حلقے بنائے، يہ پاکستان کے خلاف ہيں، دھرتی کے خلاف ہيں، جو اس دھرتی پر مرنا نہیں چاہتا وہ اس دھرتی کیخلاف ہے، ہم اس دھرتی کے ہیں اور یہیں مریں گے۔

ASIF ZARDARI

Tabool ads will show in this div