ناگالینڈ:مرنےوالوں کی تعداد15ہوگئی،بھارتی فوج کیخلاف قتل کامقدمہ 

فوج کی فائرنگ سے درجنوں افراد زخمی 
Dec 06, 2021

 

ناگا لینڈ میں ہفتہ کے روز مقامی شہریوں پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے جاں بحق 6 مزدوروں کے ہلاکتوں کے واقعہ کے خلاف مظاہرہ کرنے والے افراد پر بھارتی فوج کی دوبارہ فائرنگ کے واقعات میں جاں بحق افراد کی تعداد 15 ہوگئی ہے۔ 

بھارت کی شمال مشرقی ریاست ناگا لینڈ میں اتوار کی شام کو سکیورٹی فورسز نے مظاہرین پر فائرنگ کی جس میں ایک اور شہری ہلاک ہو گيا۔ اس طرح اس واقعے میں اب تک 14 عام شہری اور ایک فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔  

عالمی میڈیا کے مطابق ریاست میں شدید کشیدگی کا ماحول ہے اور حکام نے علاقے میں  دفعہ 144 نافذ کر دیا ہے۔ متاثرہ ضلع میں کرفیو نافذ ہے جبکہ بیشتر علاقوں میں انٹرنیٹ اور فون کی سہولیات معطل کر دی گئی ہیں۔   

رپورٹ کے مطابق مقامی لوگوں اور متعدد تنظیموں نے ہلاک ہونے والے عام شہریوں کے لیے شمعیں روشن کیں۔

تشدد کا آغازہفتہ کو اس وقت ہوا تھا جب نیم فوجی دستوں نے فائرنگ کرکے چھ مزدروں کو ہلاک کر دیا تھا۔ اس واقعہ کیخلاف مقامی لوگوں نے احتجاجاً فوجی کیمپوں کی طرف مارچ کیا اس دوران بھارتی فوج کے مظاہرین پر فائرنگ سے مزید 7 افراد ہلاک ہوگئے۔  

ریاستی حکومت نے فوج کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے ایف آئی آر میں درج کیا ہے کہ فورسز نے دانستہ طور پر عام شہریوں کو قتل کیا ہے۔ پولیس کے مطابق فوجی یونٹ نے غلطی سے نہیں بلکہ باقاعدہ منصوبہ سے عام لوگوں کو قتل کیا ہے۔  

خیال رہے کہ بھارت کی بعض شمال مشرقی ریاستوں اور کشمیر میں 'آرمڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ' کا متنازع قانون نافذ ہے۔ مذکورہ  قانون کے تحت فوج کو ایسے وسیع تر اختیارات حاصل ہیں کہ وہ بغیر کسی پیشگی اطلاع کے سرچ آپریشن، گرفتاری، مار پیٹ کرنے اور کسی کو بھی ہلاک کرنے کی مجاز ہیں اور جب تک مرکزی حکومت اجازت نہ دے اس وقت تک فوج کے خلاف کوئی کارروائی بھی نہیں کی جاسکتی۔ 

ریاست کے وزیراعلیٰ نیفیو ریو نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت ہر سال ریاست کو ایک ڈسٹرب علاقہ بتا کر اس قانون میں توسیع کر دیتی ہے۔  

بھارتی وزیرداخلہ امیت شاہ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ کے حوالے سے اعلی سطح پر ہونے والی تفتیش کا انتظار ہے ہیں اور حکومت کی تازہ صورتحال پر گہری نظر ہے۔ 

 

indian forces

Naga Land

Tabool ads will show in this div