سیمنٹ برآمدات میں نمایاں کمی

افغانستان میں خراب معاشی صورتحال کا نتیجہ؟
Pic07-028
ISLAMABAD: Jan07-A labor is adjusting the sacks of Cement at their work place at Barakaho area in Federal Capital. ONLINE PHOTO by Sultan Bashir
Pic07-028 ISLAMABAD: Jan07-A labor is adjusting the sacks of Cement at their work place at Barakaho area in Federal Capital. ONLINE PHOTO by Sultan Bashir
گزشتہ ماہ نومبر کے دوران سیمنٹ کی مقامی فروخت میں تو اضافہ ہوا لیکن برآمدات میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ خاص طور پر شمالی علاقوں کی سیمنٹ فیکٹریوں سے سیمنٹ ایکسپورٹ میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی جس کی وجہ افغانستان کی بدلتی صورتحال ہے جس کے نتیجے میں تعمیراتی سرگرمیاں متاثر ہونے سے سیمنٹ کی طلب بھی کم ہوگئی۔
آل پاکستان سیمنٹ مینو فیکچرز ایسوسی ایشن کے اعداد وشمار کے مطابق نومبر میں سیمنٹ کی مقامی فروخت 4.124ملین ٹن رہی جو نومبر2020کی فروخت3.742ملین ٹن کے مقابلے میں 10.21فی صد زائد ہے تاہم اس کے مقابلے میں گزشتہ ماہ سیمنٹ کی ایکسپورٹ میں 9.2فیصد کمی واقع ہوئی اور سیمنٹ کی ایکسپورٹ 6لاکھ 95ہزار779ٹن رہی جو نومبر 2020کے دوران 7لاکھ 66ہزار 273ٹن رہی۔
گزشتہ ماہ شمالی علاقوں کی سیمنٹ فیکٹریوں کی مقامی فروخت میں نومبر2020کے مقابلے میں 10.87فیصد اضافہ ہوا تاہم شمالی علاقوں کی سیمنٹ فیکٹریوں سے سیمنٹ ایکسپورٹ 69.67فیصد کی غیر معمولی کمی واقع ہوئی اور نومبر2020کے دوران شمالی علاقوں سے 1 لاکھ 82ہزار91ٹن سیمنٹ برآمد کیا گیا ہے لیکن اس کے مقابلے میں گزشتہ ماہ نومبر سیمنٹ کی ایکسپورٹ کا مجموعی حجم صرف 55ہزار 234ٹن رہا۔
سیمنٹ ایکسپورٹرز کے مطابق شمالی علاقوں سے سیمنٹ کی برآمدات افغانستان اور وسط ایشیائی ممالک کو ہوتی ہیں لیکن افغانستان میں اقتدار کی تبدیلی اور مخصوص معاشی صورتحال کی وجہ سے تعمیراتی سرگرمیاں انتہائی محدود ہوگئیں ہیں جس کا منفی اثر سیمنٹ کے برآمدات پر بھی مرتب ہوا ہے البتہ اس کے مقابلے میں ملک کے جنوبی علاقوں میں واقع سیمنٹ فیکٹریوں سے برآمدات میں 9.65فیصد اضافہ ہوا ہے۔
حکومت کی جانب سے تعمیراتی شعبے کو مراعات دینے کے باجود ملک میں تعمیراتی سرگرمیوں میں زیادہ اضافہ نہیں ہورہاہے جس کا اندازہ آل پاکستان سیمنٹ مینو فیکچرز ایسوسی ایشن کے اعداد وشمار سے بھی لگایا جاسکتا ہے جس کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 5ماہ یعنی جولائی تا نومبر کے دوران صرف 2.84فیصد اضافہ ہوا ہے جب کہ اس کے مقابلے میں اس عرصے میں سیمنٹ کی برآمدات میں 34.92فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس میں بڑا حصہ شمالی علاقوں کی سیمنٹ فیکٹریوں کا ہے جہاں سے گزشتہ ماہ میں سیمنٹ برآمدات میں 29.1فیصد کمی آئی ہے۔
سیمنٹ مینوفیکچرز کے مطابق موسم سرما کی وجہ سے مقامی مارکیٹ میں فروخت میں کمی آئندہ چند ماہ جاری رہے گی جب کہ برآمدات کی بھی یہی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے۔

cement

Tabool ads will show in this div