کراچی کے ضلع وسطی و شرقی میں تجاوزات کیخلاف آپریشن
بلدیہ عظمی کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے شہر کے دو اضلاع ضلع وسطی اور ضلعی شرقی میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کی۔
بلدیہ عظمی کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات کے سینئر ڈائریکٹر بشیر صدیقی آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔
ضلع وسطی میں نارتھ کراچی جبکہ ضلع شرقی کے دو ڈویژن گلشن اقبال ڈویژن میں ابوالحسن اصفہانی روڈ پیراڈائز بیکری اور جمشید ڈویژن میں عوامی چوک منظور کالونی میں بھی تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا گیا۔
سینئر ڈائریکٹر بشیر صدیقی کے مطابق آپریشن میں سرکاری جگہ پر بنائی گئی دکانوں اور سروس روڈ فٹ پاتھ پر بنائے گئے چبوترے، سیڑھیوں، دیواریں، سن شیڈ، گیرج، گیلریاں کو مسمار کیا جارہا ہے اور مختلف قسم کی تجاوزات کیبن، ہوٹل کا سامان، کرسیاں، میزیں، تخت، لوہے کے اسٹال، پنکچر بنانے کا سامان، مرغیوں کے پنجرے، ٹھیلے، پتھارے اور دیگر تجاوزات ضبط کی جارہی ہیں
بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات کی ٹیموں کے ساتھ علاقہ ایڈیشنل کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر، علاقہ پولیس، رینجرز، اینٹی اینکروچمنٹ پولیس، سیٹی وارڈن اور دیگر اداروں کی ٹیمیں بھی موقع پر موجود ہیں۔
سپریم کورٹ کے احکامات پر کراچی کے ساتوں اضلاع میں روزانہ کی بنیاد پر تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے۔