شازیہ آنٹی؟ بیرون ملک پاکستانیوں کوووٹ کےحق سےمحروم کرو

اوورسیزاسدانکل نے مداحوں کے جذبات بھڑکادیے

شازیہ منظورکا نام پاکستان میوزک انڈسٹری میں کسی تعارف کا محتاج نہیں لیکن اگرآپ انہیں نہیں جانتے توپھراس بات کو یقینی بنالیں کہ اس بات کا علم ٹوئٹر پرنہ ہو، بصورت دیگرآپ خوبصورت آواز کی مالک گلوکارہ کو جان تولیں گے لیکن ذرا مشکل طریقے سے۔

پاکستان میں 90 کی دہائی میں چن میرا مکھنا، گھر آجا سوہنیا، مترا، بتیاں بجھائی رکھدی جیسے سدا بہار گانے گھر گھر حتیٰ کہ سڑکوں پرچلتے ہوئے بھی سنائی دیتے تھے اورسننے والے پنجابی زبان کے ان دلنشین گیتوں سے خوب محظوظ ہوتے تھے۔

ان گیتوں کو گانے والی شازیہ منظور کا نام ٹوئٹرٹاپ ٹرینڈ پرہے اور اگرآپ وجہ نہیں جانتے تو ہم بتادیں کہ امریکہ میں مقیم 'اسد انکل' نے اپنی شادی کے موقع پردلہن کو گھرلے جانے سے قبل بنائی جانے والی ایک ویڈیو ٹوئٹرپرڈالی اورکیپشن میں گلوکارہ کو شازیہ آنٹی کہہ کرپکارا۔

اسد انکل نامی صارف کی شیئرکردہ ویڈیو میں شازیہ منظور کو سُرخ رنگ کی لیمبرگنی میں سے باہر نکلتے ہوئے مقبول بھارتی گانا' لیمبرگنی چلائی جاندے او' گاتے دیکھا جاسکتا ہے، لیکن اصل مسئلہ کیشن کا تھا جس میں صارف نے لکھا ، ' تصورکریں کہ آپ اپنی رخصتی کرنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن باہرنکل کردیکھیں تو کوئی آنٹی آپ کی گاڑی میں ایسا کررہی ہیں '۔

یہ ویڈیو شیئرکرتے ہی اسد انکل کی ٹائم لائن پرردعمل میں غصے اور قہقہوں کا طوفان آگیا۔ شازیہ منظورکے فنی سفر سے آگہی رکھنے والوں نے صارف کی لاعلمی پرغم وغصے کا اظہارکیا۔

کئی ایک نے لکھا کہ شازیہ منظوراگر ان کی شادی میں گانا گاتیں تو وہ ایک لفظ بھی کہنے کے بجائے شکرگزارہوتے۔

کئی ایسے بھی تھے جنہوں نے درخواست کی کہ اس ٹویٹ کو ڈیلیٹ نہ کریں۔

چند ایک ایسے بھی تھے جنہوں نے ایک عرصے بعد شازیہ منظورکا نام پھرسے دہرانےاورٹوئٹرٹاپ ٹرینڈ بنانے کیلئے اسد انکل کا شکریہ ادا کیا۔

صارف کی ٹائم لائن کا جائزہ لیا جائے تو لگتا ہے کہ وہ اس حوالے سے کی جانے والی ہر ٹویٹ کا جائزہ لیتے ہوئے ردعمل دے رہے ہیں، انہوں نے صارفین سے درخواست کی کہ انہیں شازیہ منظورسے متعلق بتاتے رہیں کیونکہ ابھی انہوں نے کافی کچھ نہیں سیکھا ہے۔

بیرون ملک مقیم صارف نے لکھا ، ' میں شازیہ منظور کے بارے میں نہ جاننے پر پاکستانی ٹوئٹرسے باضابطہ معافی مانگنا چاہتا ہوں۔ تلافی کے طورپر میں اورمیری بیوی (جو مجھ سے مایوس بھی تھی) شازیہ منظورکے گانے بار بار سنیں گے۔ اورتمام گانوں کے بارے میں جاننے کے بعد میں آپ سب سے دوبارہ رابطہ کروں گا'۔

اس سارے قصے میں اسد انکل کے بیرون ملک مقیم ہونے کے باعث ایک انوکھا مطالبہ بھی سامنے آیا، کئی صارفین کو لگتا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہ دینے کیلئے بس یہی ایک وجہ کافی ہے کہ وہ شازیہ منظور کونہیں جانتے۔

اپنی شادی میں کسی کو بھی آنٹی یا انکل کہنے سے پہلے یاد رکھیں کہ مذکورہ ' نامعلوم شخصیت' کسی لیجنڈری کی بھی ہوسکتی ہے، اس لیے شادی کی شروعات سوشل میڈیا کے غلط استعمال سے مت کیجئے گا۔

SHAZIA MANZOOR

ASAD UNCLE

Tabool ads will show in this div